ستواری جموں میں آپسی جھگڑے کے دوران پستول سے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک شخص کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی جبکہ دوسرے کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس ذرائع نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق جمعہ شام دیر گئے جموں کے رائے پورہ ستواری علاقے میں دو ہمسائیوں کے درمیان کسی بات پر تو تو میں میں شروع ہوئی جس نے جھگڑے کا رخ اختیار کیا۔ معلوم ہوا ہے کہ لڑائی کے دوران ہی ایک شخص نے سروس رائفل نکال کر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں جگل کشور اور مہندر لال گولیاں لگنے سے شدید طورپر زخمی ہوئے اگر چہ دنوں کو اسپتال لے جایا گیا تاہم ڈاکٹروں نے جگل کشور کو مردہ قرار دیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ جھگڑا پالتو کتے پر شروع ہوا جس نے ہمسایہ میں رہنے والی ایک کمسن بچی کو کاٹ کھایا جس کے بعد جمعہ کے روز اس پر لڑائی جھگڑا شروع ہو ا جس دوران گولیاں چلائیں گئیں۔