سرینگر/جموں کشمیر میں بجلی کی صورتحال کے حوالے سے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے گزشتہ روز مرکزی وزیر پاور اینڈ رینیوبل انرجی راج کے سنگھ سے بات چیت کی ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے وزیر موصوف کو اس بات سے آگاہ کیا کہ سردیوں کے ایام میں وادی اور جموں میں بجلی کی کھپت بڑھ جاتی ہے اور دستیاب بجلی اس ضرورت کو پورا نہیں کرتی ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے بجلی کی صورتحال کی بہتری کےلئے اُٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں بھی انہیں آگاہ کیا ۔ دور دراز کے علاقوں میں بجلی پہنچانے کےلئے ایل جی انتظامیہ کی جانب سے اب تک کی کارکردگی سے بھی انہیں باخبر کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلی بار ہوا ہے کہ بانڈی پورہ کے گریز علاقے کو بجلی کی فیڈر سے جوڑا گیا ہے جس سے ستر برسوں میں اس علاقے کو پہلی بار برقی رو دستیاب ہوگی ۔ ایل جی نے وزیر سے مطالبہ کیا کہ وہ وادی کشمیر میں سردیوں کے ایام کے دوران مقررہ بجلی کی حد کو بڑھائیں تاکہ سردیوں میں صارفین کو بلا خلل بجلی کی دستیابی کو یقینی بنایا جاسکے ۔ انہوں نے بتایا کہ برفباری اور موسم کی ابتر صورتحال کے دوران بجلی کی ترسیل کو یقینی بنانے کےلئے بھی اقدامات اُٹھائے جاچکے ہیں تاکہ ہسپتالوں اور دیگر سرکاری اداروں کے کام کاج میں کوئی پریشانی نہ ہو۔ اس موقعے پر مرکزی وزیر بجلی اور قابل تجدید توانانی کے راج سنگھ نے ایل جی کو اس بات کی یقین دہانی دی کہ جموں کشمیر کو ضرورت کے مطابق بجلی فراہم کرنے کےلئے مرکزی سرکار اقدامات اُٹھائے گی ۔