ضلع میں مختلف کاموں کو جلد از جلد تکمیل کا مطالبہ کیا
ضلع گاندربل کے پنچایتی راج اِداروں ( پی آر آئی ) کے ایک وفد نے وائس چیئرپرسن بلال احمد کی قیادت میں آج یہاں مشیر فاروق خان سے ملاقات کی۔اُنہوں نے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا اور ترقیاتی کاموں کو تیز کرنے ، پی آر آئی کو بااختیار بنانے،کھیل بنیادی ڈھانچے اور سرگرمیوں کو یکساں ترجیح دینے کے لئے ٹھوس اِقدامات اُٹھانے پر اِنتظامیہ کی تعریف کی۔اُنہوں نے شالہ بُگ مقامی کھیل میدان کی ترقی ، کھیلوں کی مختلف سہولیات کی فراہمی اور وہاں کھیل ایونٹس کے اِنعقاد کا مطالبہ پیش کیا۔اُنہوں نے ٹرانسفارمروں ، ایل ٹی لائن ، کھمبے ، پی ایچ سی شالہ بُگ میں مناسب عملے کی تعینات ، علاقے میں اے ٹی ایم اور بینک سہولیات گاندربل میں مختلف کھیل بنیادی ڈھانچے کی ترقی ، نئے فائر اینڈ ایمرجنسی یونٹس کا قیام وغیرہ کی مانگ کی۔لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے پی آئی آئی کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے صحت دیکھ ریکھ ، تعلیم ، امور نوجوان و کھیل کود اور دیگر ترجیحی شعبوں پر خصوصی توجہ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔اُنہوں نے کہا کہ کمزور طبقات کی بہتری کے لئے خصوصی توجہ دی جارہی ہے جس کے لئے کئی اقدامات اُٹھائے گئے ہیں۔اُنہوں نے اُنہیں یقین دِلایا کہ اُن کی جانب سے پیش کردہ تمام مسائل کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور وقت پر حل کیا جائے گا۔