سری نگر/وادی کشمیر میں گرچہ موسم خشک ہے تاہم شبانہ درجہ حرارت میں بتدریج گراوٹ درج ہو رہی ہے۔سردی میں اضافے کے پیش نظر ڈاکٹروں نے عمر رسیدہ افراد اور بچوں کو صبح اور شام کے وقت گھروں سے باہر نہ نکلنے کا مشورہ دیا ہے تاکہ وہ زکام، کھانسی وغیرہ جیسی بیماریوں سے بچ سکیں۔وادی خاص کر دیہی علاقوں میں سردی سے بچنے کے لئے سر شام ہی گھروں میں بیٹھ جاتے ہیں وہیں لوگ گھروں کے علاوہ دکانوں، دفتروں اور کام کی دیگر جگہوں پر گرمی کے لئے موثر انتظامات کر رہے ہیں۔ماہر موسمیات فیضان عارف کا کہنا ہے کہ وادی میں شبانہ درجہ حرارت میں بتدریج کمی واقع ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا: ‘گرچہ کمر مغربی ہوا کے داخل ہونے کے پیش نظر وادی میں آنے والے دو تین دنوں کے دوران مطلع ابر آلود رہنے کے باعث شبانہ درجہ حرارت قدرے بہتر ہونے کی امید ہے تاہم بعد ازاں اس میں ایک بار پھر کمی درج ہوسکتی ہے’۔ان کا کہنا تھا کہ وادی میں گذشتہ چار برسوں کے مقابلے میں امسال اکتوبر اور نومبر کے مہینوں میں موسم بہتر رہا۔موصوف ماہر موسمیات نے کہا کہ اس برس بھی ماہ نومبر میں بارشیں اور پہاڑی علاقوں میں برف باری ہوئی لیکن اس کے باوجود بھی گذشتہ برسوں کے مقابلے میں موسم اچھا ہی رہا۔انہوں نے کہا کہ وادی میں جاری موسمی صورتحال کے پیش نظر مال رواں کے آخر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا ہی امکان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ گرچہ 23 اور 24 نومبر اور پھر 27 نومبر کو کمزور مغربی ہوائیں وارد وادی ہوسکتی ہیں لیکن شاید ان کے زیر اثر میدانی علاقوں میں برف باری نہیں ہوسکتی ہے۔فیضان عارف نے کہا کہ وادی کا شبانہ درجہ بتدریج کم ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سری نگر کم سے کم درجہ حرارت 0.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ 0.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ اننت ناگ میں منفی 1.6 ڈگری سینٹی گریڈ، پلوامہ میں منفی 2.0 ڈگری سینٹی گریڈ، شوپیاں میں منفی 3.6 ڈگری سینٹی گریڈ، بڈگام میں منفی1.0 ڈگری سینٹی گریڈ، بارہمولہ میں 0.6 ڈگری سینٹی گریڈ، بانڈی پورہ میں منفی0.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی کشمیر میں اگلے ایک ہفتے کے دوران موسم وسیع پیمانے پر خراب ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی میں 18 نومبر سے 26 نومبر موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے تاہم اس دوران 18 اور 25 نومبر کو مطلع ابر آلود رہ سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس دوران وادی میں صبح اور شام کے وقت دھند رہ سکتی ہے۔ادھر خشک موسم کے بیچ وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحمل حسب معمول جاری ہے۔جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ اور وادی کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – لیہہ قومی شاہراہ پر بھی ٹریفک حسب معمول جاری ہے