نئی دلی۔ 5؍ نومبر/ ایک اہلکار نے بتایا کہ ہندوستان اور نیپال کی سرحدی حفاظت کرنے والے دستے پیر سے یہاں تین روزہ دو طرفہ میٹنگ کریں گے اور سرحد پار جرائم کو روکنے اور انٹیلی جنس معلومات کے بروقت اشتراک کے اقدامات پر تبادلہ خیال کریں گے۔دونوں ممالک کے درمیان سالانہ کوآرڈینیشن بات چیت کے ساتویں ایڈیشن کی قیادت ہندوستان کی سشاسترا سیما بل ( ایس ایس بی) کے ڈائریکٹر جنرل رشمی شکلا اور نیپال کی مسلح پولیس فورس کے دورہ پر آئے انسپکٹر جنرل راجو آریال کر رہے ہیں۔ یہ میٹنگ 6 سے 8 نومبر تک دہلی میں ہوگی۔ عہدیدار نے اتوار کو کہا ” افواج کے دو سربراہوں کی سطح پر ہونے والی بات چیت دونوں افواج کے لیے سرحد سے متعلق معاملات پر بات چیت کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتی ہے’ ‘۔ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایس ایس بی اور اے پی ایف کے وفود کا مقصد کھلی اور بغیر باڑ والی ہندوستان-نیپال سرحد کے زیادہ موثر انتظام کے لیے دونوں سرحدی محافظ افواج کے درمیان تال میل کو مضبوط کرنا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ میٹنگ کا فوکس موثر طریقہ کار کی ترقی پر ہو گا تاکہ باہمی تعاون کے ساتھ سرحد پار جرائم کا مقابلہ کیا جا سکے اور فورسز کے درمیان اہم معلومات کے فوری تبادلے کو آسان بنایا جا سکے۔ ایس ایس بی مرکزی وزارت داخلہ کے تحت ایک مرکزی مسلح پولیس فورس ہے اور اسے 1,751 کلومیٹر ہندوستان-نیپال کھلی بین الاقوامی سرحد کی حفاظت کا کام سونپا گیا ہے۔یہ سالانہ مذاکرات متبادل طور پر ہندوستان اور نیپال میں 2012 سے منعقد ہوتے رہے ہیں۔