نئی دہلی/ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے بدھ کو راجستھان میں 25 نومبر کو ہونے والے اسمبلی عام انتخابات کے لیے 58 امیدواروں کی تیسری فہرست جاری کی۔ بی جے پی کی سنٹرل الیکشن کمیٹی نے جن امیدواروں کے ناموں کو منظوری دی ہے ، ان میں کئی موجودہ ایم ایل اے ، سابق وزرائ، سابق ایم ایل اے اور کئی نئے چہروں کو موقع دیا گیا ہے ۔ پارٹی نے جودھپور کے سردار پورہ میں وزیر اعلی اشوک گہلوت کے خلاف ڈاکٹر مہندر سنگھ راٹھور کو میدان میں اتارا ہے ۔ ٹونک سیٹ پر سابق نائب وزیر اعلیٰ سچن پائلٹ کے سامنے اجیت سنگھ مہتا پر اعتماد کا اظہار کیا ہے ، جب کہ پارٹی نے حال ہی میں بی جے پی میں شامل ہوئے سبھاش میل کو سابق مرکزی وزیر اور ایم ایل اے مہادیو سنگھ کھنڈیلا کے سامنے کھنڈیلا سے اپنا امیدوار بنایا ہے ۔ بی جے پی نے مرکزی وزیر ارجن رام میگھوال پر الزام لگانے والے اور سابق اسمبلی اسپیکر اور موجودہ سینئر پارٹی ایم ایل اے کیلاش میگھوال کی جگہ شاہ پورہ سے لالہ رام بیروا کو میدان میں اتارا ہے ۔ تیسری فہرست میں چار خواتین امیدوار شامل ہیں۔ بی جے پی کی اس فہرست میں ایک بھی مسلم امیدوار شامل نہیں ہے اور سابق وزیر یونس خان کو اس بار بھی ڈیڈوانہ سے الیکشن لڑنے کا موقع نہیں ملا۔ بی جے پی نے اس سے پہلے جاری کردہ اپنے امیدواروں کو دو فہرستوں میں 124 امیدوارمیدان میں اتارچکی ہے اور تیسری فہرست سمیت اب تک 182 امیدواروں کا اعلان کیا ہے ۔ ریاست میں 200 سیٹوں پر ہونے والے انتخابات میں بی جے پی کو اب 18 امیدوار انتخابی میدان میں اتارنا باقی ہے ۔ انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی کا عمل گزشتہ پیر سے جاری ہے اور امیدوار 6 نومبر تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے ۔