لیفٹیننٹ گورنر نے بانڈی پورہ میں مختلف پروجیکٹوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا
بے زمین سکیم کے مستفدین کو زمین الاٹ کرنے کے معاملوں کو منظوری دی
سرینگر/
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج بانڈی پورہ میں 73 کروڑ روپے سے زیادہ کے مختلف انفراسٹرکچر پروجیکٹوں کا افتتاح کیااور سنگ بنیاد رکھا۔اس موقعے پر لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ بجلی، سڑک اور پلوں اور پانی کی فراہمی سے متعلق منصوبوں سے متعلق جو آج شہریوں کے لیے وقف کیے گئے ہیں، دور دراز کے علاقوں میں زیادہ مسابقتی ماحول پیدا کریں گے جس سے سماج کے پسماندہ طبقوں، کاشتکار خاندانوں کے بڑے طبقے کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ضلع میں جاری ترقیاتی کاموں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کو یقینی بنائیں۔منی سیکرٹریٹ میںلیفٹیننٹ گورنر نے پی ایم جی سکیم کے تحت بے زمین استفادہ کنندگان کو زمین کی الاٹمنٹ کے احکامات اور مختلف فلاحی اسکیموں کے تحت منظوری کے خطوط سونپے۔ انہوں نے مختلف سرکاری محکموں کی جانب سے لگائے گئے سٹالز کا بھی دورہ کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے 68.28 کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کا افتتاح کیا جن میں بانڈی پورہ گرڈ سے رازدان ٹاپ تک 33KV بانڈی پورہ-گریز لائن شامل ہے۔ اسی طرح ایل جی نے شاہ گنڈ میں رسیونگ سٹیشن ، نائد کھائی میں ایک عمارت کے علاوہ دیگر علاقوں میں مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے گلشن چوک بانڈی پورہ میں 5 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی ملٹی لیول کار پارکنگ کا سنگ بنیاد رکھا۔انہوں نے مختلف اشاعتیں بھی جاری کیں جن میں ضلع بانڈی پورہ کی کافی ٹیبل بک، وولر شیپ ڈیریز اور محکمہ انیمل ہسبنڈری، بانڈی پورہ کی سالانہ رپورٹ 2022-23 شامل ہیں۔ایل جی کے ہمراہ چیرمین ضلع ترقیاتی کونسل بانڈی پورہ شیخ عبدالغنی بٹ، چیف سیکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، ڈی جی پی کشمیر وجے کمار ، سیکریٹری یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس سرمد حفیظ ، ڈویژنل کمشنر کشمیر وجے بھدوری کے علاوہ دیگر افسران موجود تھے ۔