نئی دہلی، 10 اکتوبر (یو این آئی) ہندوستان اور اٹلی نے مختلف دفاعی شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں جن میں تحقیق اور ترقی، شریک ترقی، مشترکہ پیداوار اور مشترکہ منصوبوں کا قیام شامل ہے ۔وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے اٹلی اور فرانس کے دورے کے پہلے مرحلے کے دوران پیر کو روم میں اٹلی کے وزیر دفاع گیڈو کروسیٹو کے ساتھ بات چیت کے بعد اس معاہدے پر دستخط کیے گئے ۔ ملاقات کے دوران دونوں اطراف نے دفاعی تعاون کے متعدد امور بشمول تربیت، معلومات کے تبادلے ، بحری مشقوں اور میری ٹائم سیکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں بنیادی طور پر دفاعی اداروں میں تعاون کے مواقع تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں وزراءنے دفاعی شعبے میں ہندوستان اور اٹلی کی مشترکہ ترقی کی باہمی صلاحیتوں اور امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر دفاع نے اطالوی دفاعی کمپنیوں اور ہندوستانی اسٹارٹ اپس کے درمیان بات چیت کو فروغ دینے کی تجویز دی۔ملاقات کے بعد دفاعی شعبے میں تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے گئے ۔ یہ معاہدہ مختلف دفاعی شعبوں میں دوطرفہ تعاون فراہم کرتا ہے جیسے کہ سیکورٹی اور دفاعی پالیسی، تحقیق و ترقی، عسکری شعبے میں تعلیم، سمندری ڈومین کے بارے میں آگاہی، دفاعی معلومات کے تبادلے اور صنعتی تعاون، بشمول مشترکہ ترقی، مشترکہ پیداوار میں تعاون کو فروغ دیں گے ۔قبل ازیں مسٹر سنگھ کو ولا مادام میں گارڈ آف آنر دیا گیا۔ کیامپینو ہوائی اڈے پر پہنچنے پر وزیر دفاع کا استقبال اٹلی میں ہندوستانی سفیر ڈاکٹر نینا ملہوترا اور اٹلی کے سینئر حکام نے کیا۔