سری نگر/شمالی ضلع بارہ مولہ میں منشیات کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھتے ہوئے پولیس نے چار منشیات فروشوں کو دھر دبوچ کر ان کے قبضے سے ممنوع نشیلی اشیائ برآمد کی ہے۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ایس ایچ او پولیس اسٹیشن کیری کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے ٹاپر بالا کے نزدیک ناکہ لگایا جس دوران ایک ٹرک زیر نمبر JK05D-3599کو روک کر اس کی تلاشی کے دوران 7.3کلو ممنوع نشیلی اشیائ برآمد کرکے مد ثر احمد شاہ ولد محمد مقبول شاہ ساکن چاند سیر پٹن کی گرفتاری عمل میں لائی ٹرک کو بھی تحویل میں لیا گیا۔ایک اور کارروائی کے دوران ایس ایچ او بونیار کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے لمبر بونیار میں ناکہ چیکنگ کے دوران ہاشم بشیر گنائی ولد بشیر احمد گنائی اور محسن مشتاق لون ولد مشتاق احمد ساکنان اشکارا بارہ مولہ کو روک کر ان کی تلاشی لی جس دوران ان کے قبضے سے 46گرام چرس برآمد ہوا۔پولیس نے دونوں کو حراست میں لے کر مزید تحقیقات شروع کی ہے۔دریں اثنا ایس ایچ او شیری کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے فتح گڑھ شیری کے نزدیک ناکہ چیکنگ کے دوران پرویز احمد چوپان ولد غلام رسول چوپان ساکن فتح گڑھ سیری کی گرفتاری عمل میں لا کر اس کی تحویل سے 72نشہ آور کپشول برآمد کئے۔پولیس نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے بارے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کو مطلع کریں۔پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات فروشی سماج کے لئے ناسور بن چکی ہے لہذا اس کا قلع قمع کرنے کی خاطر ہر ایک کو آگے آنا چاہئے تاکہ سماج میں پھیلی اس برائی کو جڑ سے اکھاڑ پھینک دیا جاسکے۔