اِنتظامیہ عوام کے مسائل کے فوری اَزالے کو یقینی بنانے کیلئے پُر عزم ہے۔ ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام
ضلع اِنتظامیہ کولگام نے آج ہفتہ وار بلاک دیوس کے تحت ضلع کے تین بلاکوں بشمول دیوسر ، کولگام اور ڈی ایچ پورہ میں عوامی مسائل ، شکایات اور مطالبات کا جائزہ لینے کے لئے ایک عوامی رابطہ پروگرام کا اِنعقاد کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام بلا ل محی الدین بٹ نے عوامی شکایا ت اور مطالبات کا جائزہ لینے کے لئے کولگام میں شکایات اَزالے کیمپ کی صدارت کی۔شکایات ازالے کیمپ کے پروگرام میں کھل ، اوہتو ، آریہ ، اوکی ، پہلو ، یاری پورہ ، برازلو ، پومبے ، اوڈورہ اور دیگر علاقوں کے لوگوں نے شرکت کی۔ ان علاقوں کے عوامی نمائندوں او رعوام نے ضلع ترقیاتی کمشنر کو اَپنے مسائل اور شکایات سے آگاہ کرنے کے علاوہ اَپنے علاقوں کے مختلف ترقیاتی مطالبات پیش کئے۔اَفسروں اور محکموں کے سربراہان نے بھی اَپنے محکموں سے متعلق لوگوں کے سوالات او رشکایات کا جواب دیا اور اُنہیں مختلف فلاحی سکیموں اور جاری ترقیاتی منصوبوں کے ارے میں آگاہ کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے عوام کو بغور سنا اور فوری نوعیت کی شکایات کا ازالہ موقعہ پر کیا۔اُنہوں نے مزید کہا کہ عوامی شکایات کا فوری اَزالہ اِنتظامیہ کی اوّلین ترجیح ہے اور اَفسروں کو ہدایت دی کہ وہ عوامی مسائل اور شکایات کے ازالے میں فوری ردِّعمل کو یقینی بنائیں۔اِس سے قبل اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ کولگام محمد عمران خان نے بھی گزشتہ بلاک دیوس میں اُٹھائے گئے مختلف شکایات او رمسائل پر کی گئی گارروائی کے بارے میں جانکاری دی۔