ویلنگٹن/وزارت خارجہ نے ہفتہ کو بتایا کہ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچویں دفتر خارجہ مشاورت کا انعقاد ویلنگٹن میں ہوا جہاں دونوں فریقوں نے وسیع تر دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا۔ میٹنگ کی مشترکہ صدارت ہندوستان کے سوربھ کمار، سکریٹری (ایسٹ) اور نیوزی لینڈ کی ڈیبورا گیلز، ڈپٹی سکریٹری برائے امریکہ اور ایشیا گروپ نے کی۔دونوں اطراف نے اعلیٰ سطحی مصروفیات میں حالیہ رفتار اور اسے مزید برقرار رکھنے کی ضرورت کا نوٹس لیا۔ دونوں فریقوں نے دونوں ممالک کے درمیان بڑھے ہوئے روابط پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپنے وسیع تر دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا جن میں سیاسی، اقتصادی اور تجارتی تعاون، دفاعی تبادلے، تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ عوام سے عوام کے روابط شامل ہیں۔ میٹنگ کےدوران علاقائی اور کثیر جہتی امور بشمول G-20 کی ہندوستان کی صدارت، ہند پیسیفک، آسیان، دولت مشترکہ اور اقوام متحدہ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں ممالک نے تجارتی اور اقتصادی شعبوں میں وسیع امکانات پر زور دیا اور حکومت سے حکومت اور کاروبار سے کاروبار رابطوں کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ سکریٹری (مشرق)نے کرس سیڈ، چیف ایگزیکٹیو اور سکریٹری برائے خارجہ امور اور تجارت اور اینڈریو برج مین، نیوزی لینڈ کے سیکریٹری دفاع کے ساتھ بھی دو طرفہ میٹنگز کیں۔ملاقات میں دونوں فریقین نے ایف او سی کی اہمیت کو سراہا اور انہیں مستقل بنیادوں پر منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔ اگلی میٹنگ ہندوستان میں باہمی طور پر آسان تاریخوں پر منعقد ہوگی۔ اس سال کے شروع میں جنوری میں، ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان وزارت خارجہ کی چوتھی مشاورت نئی دہلی میں ہوئی تھی جس میں دونوں ملکوں نے دو طرفہ تعلقات بشمول تجارت اور سرمایہ کاری، دفاع اور سلامتی اور انسداد دہشت گردی کا جائزہ لیا۔علاقائی اور کثیرالجہتی فورمز پر رابطہ کاری کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر بھی بات چیت ہوئی۔ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان خوشگوار اور دوستانہ تعلقات ہیں جن کی جڑیں دولت مشترکہ، پارلیمانی جمہوریت اور انگریزی زبان سے جڑی ہوئی ہیں۔