پڑوسی ملک نیپال بڑی مقدار میں ٹماٹر بھیجنے کیلئے تیار،مارکیٹ تک رسائی کی مانگ
سرینگر/// آسمان چھوتی قیمتوں کو روکنے کے لیے طویل مدتی بنیادوں پر نیپال نے بھارت کو ٹماٹر بڑی تعداد میں برآمد کرنے کے لیے آمادگی ظاہر کی ہے اور اس کیلئے تیار بھی ہے لیکن اس نے مارکیٹ تک آسان رسائی اور دیگر ضروری سہولیات کا مطالبہ کیاہے۔پڑوسی ملک کی یہ یقین دہانی اس وقت سامنے آئی جب وزیر خزانہ نرملا سیتارامن نے جمعرات کو پارلیمنٹ کو بتایا تھاکہ ہندوستان نے نیپال سے ٹماٹر کی درآمد شروع کر دی ہے جب کہ ملک میں قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ٹی ای این کے مطابق بھاری بارشوں کی وجہ سے سپلائی میں خلل کے درمیان تقریباً 242 روپے فی کلو کی بلند خوردہ قیمتوں کی وجہ سے بھارت پہلی بار ٹماٹر درآمد کر رہا ہے۔وزارت زراعت کی ترجمان شبنم شیواکوٹی نے بتایا کہ نیپال ہندوستان کو طویل مدتی بنیادوں پر سبزیاں جیسے ٹماٹر برآمد کرنے کا خواہاں ہے، لیکن اس کے لیے ہندوستان کو اپنی منڈی اور دیگر ضروری سہولیات تک آسان رسائی فراہم کرنی ہوگی۔اگرچہ نیپال نے ایک ہفتہ پہلے ہی سرکاری چینلز کے ذریعے بھارت کو ٹماٹر برآمد کرنا شروع کر دیا ہے، لیکن یہ بڑی مقدار میں نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹماٹروں کی بڑے پیمانے پر برآمد کے لیے انتظامات ابھی باقی ہیں۔کلیماٹی فروٹ اینڈ ویجیٹیبل مارکیٹ ڈیولپمنٹ بورڈ کی ڈپٹی ڈائریکٹر بنایا شریستھا نے کہاکہ اگر ہمیں ہندوستانی منڈی تک آسان رسائی فراہم کی جائے تو نیپال ہندوستان کو بڑی مقدار میں ٹماٹر برآمد کرسکتا ہے۔ہندوستان نیپالی ٹماٹروں کے لیے ایک اچھی منڈی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کھٹمنڈو وادی کے تین اضلاع ، کھٹمنڈو، للت پور اور بھکتاپور میں ٹماٹر وافر مقدار میں اگائے جاتے ہیں اور یہ مقامی مانگ کو پورا کرنے کے لیے کافی ہے۔کھٹمنڈو میں اگائے جانے والے کچھ ٹماٹر غیر سرکاری چینلز کے ذریعے ہندوستانی بازار میں برآمد کیے جا رہے ہیں۔تقریباً ڈیڑھ ماہ قبل، کسانوں نے کھٹمنڈو میں کلیماتی فروٹ اینڈ ویجیٹیبل مارکیٹ کے قریب سڑکوں پر 60,000 سے 70,000 کلو ٹماٹر پھینک دیے جب وہ اپنی مصنوعات کے لیے مارکیٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ اس وقت کسانوں کو ہول سیل مارکیٹ میں ٹماٹر 10 روپے فی کلو بھی نہیں ملتا تھا۔تاہم، ایک ماہ قبل، ٹماٹر کی قیمت میں چار گنا اضافہ ہوا، جب تاجروں نے غیر قانونی چینلز کے ذریعے بھارت کو ٹماٹر برآمد کرنا شروع کیے جس کی وجہ سے مقامی مارکیٹ میں قلت پیدا ہوگئی۔بڑے کاشتکاروں اور سپلائی کرنے والوں میں سے ایک بدری شریستھا کے مطابق، خوردہ مارکیٹ میں جو ٹماٹر 40-50 روپے فی کلو فروخت ہوتا تھا، 200 سے 250 روپے فی کلو تک بڑھ گیا، کیونکہ کسانوں نے غیر سرکاری ذرائع سے ہندوستانی مارکیٹ میں ٹماٹر فروخت کرنا شروع کر دیے۔