سری نگر/حضرت امام حسین علیہ السلام کی کربلا میں یزیدی فوج کے ہاتھوں شہادت کے دن آج یوم عاشور پر جموں وکشمیر میں سینکڑوں جگہوں پر چھوٹے بڑے ماتمی جلوس نکالے گئے جن میں ہزاروں کی تعداد میں عزاداروں نے شرکت کی۔وادی کشمیر میں سب سے بڑا ماتمی جلوس زڈی بل اور بڈگام میں برآمد ہوئے۔اس موقع پر علمائے کرام و ذاکرین اپنی تقاریر میں حضرت امام حسین علیہ السلام کی عظیم اور روشن تعلیمات اور سانحہ کربلا کے مختلف پہلووں کو اجاگر کر رہے ہیں۔موصولہ اطلاعات کے مطابق جموں وکشمیر میں سنیچر کے روز یوم عاشورا کے موقع پر ماتمی جلوس برآمد ہوئے جن میں مرد و زن، بوڑھے اور بچوں نے شرکت کی۔سری نگر سے نامہ نگار نے اطلاع دی ہے کہ زڈی بل علاقے میں ایک بڑا ماتمی جلوس برآمد ہوا جس میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی موجودگی میں بوٹہ کدل سری نگر میں تاریخی ماتمی جلوس برآمد ہوا جو روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے جڈی بل پہنچا۔ اس موقع پر ایل جی منوج سنہا نے عزاداروں میں پانی کی بوتلیں تقسیم کیں۔بتادیں کہ جموں وکشمیر انتظامیہ نے پہلی دفعہ یوم عاشورا کے موقع پر زولجنا کے جلوس کو روایتی راستوں پر جانے کی اجازت دی۔ماتمی جلوسوں میں شبیہ علم، ذوالجناح اور شبیہ تابوت شامل تھے جبکہ عزادار نوحہ خوانی اور سینہ کوبی کر رہے تھے۔ جلوسوں کے راستوں پر جگہ جگہ سبیلوں کا اہتمام کیا گیا تھا۔ جلوسوں کے راستوں پر جگہ جگہ نیاز کا اہتمام کیا گیا تھا جبکہ خون کا عطیہ کے کیمپ لگائے گئے تھے۔بوٹہ کدل لالبازار سے لے کر جڈی بل تک تل دھرنے کی بھی جگہ نہیں تھی اورپوری شاہراہ عزاداروں سے بھری پڑی ہوئی تھی۔وسطی کشمیر کے شیعہ اکثریتی قصبہ بڈگام سے موصولہ ایک رپورٹ کے مطابق قصبے میں تاریخی ماتمی جلوس میرگنڈ سے برآمد ہوا، جو اپنے روایتی راستے ڈی سی آفس روڑ سے ہوتے ہوئے سنیچر کی شام دیر گئے بڈگام میں اختتام پذیر ہوگا۔نامہ نگار نے بتایا کہ سری نگر کے بمنہ علاقے میں بھی عزاداروں نے ماتمی جلوس نکالاجس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔جنوبی کشمیر سے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ اننت ناگ ، پلوامہ ، شوپیاں اورکولگام میں بھی زولجنا کے جلوس برآمد ہوئے جو مختلف راستوں سے ہوئے ہوئے اما م باڈہ میں اختتام پذیر ہوئے۔ ایک سرکاری عہدیدار نے بتایاکہ محرم الحرام امن، محبت اور عقیدت و احترام کا مہینہ ہے، قیام امن اور مذہبی رواداری کا فروغ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، امن اور بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے میں امن کمیٹیوں کا کردار قابل تعریف ہے۔ شمالی ضلع بارہ مولہ ، پٹن، سوپور ، بانڈی پورہ اور کپواڑہ میں بھی شیعہ آبادی والے علاقوں میں زولجنا کے جلوس برآمد ہوئے۔ عاشورہ، محرم کا 10 واں دن، دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے گہری تاریخی اور روحانی اہمیت رکھتا ہے، یہ ہمارے نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے پیارے نواسے امام حسین علیہ السلام کی حق کے لیے عظیم جدوجہد، قربانی اور شہادت کا دن ہے، اس روز امام حسین علیہ السلام نے اپنے اصحاب اور اہل بیت کے ساتھ کربلا کی جنگ میں ظلم، جبر اور ناانصافی کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ظلم و جبر کے خلاف کھڑا ہونا ایک مسلمان کا اخلاقی فرض ہے، ان کا لازوال پیغام آج ہمارے ساتھ گونجتا ہے، جو ہمیں اپنی زندگی کے تمام پہلووں میں انصاف، ہمدردی اور استقامت کے اصولوں کو برقرار رکھنے کی ترغیب دیتا ہے۔/