سری نگر/جنوبی کشمیر کے ہمالیہ پہاڑوں میں 3 ہزار 8 سو 80 میٹر کی بلندیوں پر واقع شری امرناتھ جی مندر کی یاترا کے لئے اب تک نہ صرف ریکارڈ تعداد میں یاتریوں نے پوتر گھپا کا درشن کیا ہے بلکہ سال گذشتہ کے یاتریوں کی کل تعداد کو بھی یاترا کے پہلے ہی ایک مہینے سے بھی کم مدت میں پچھاڑ دیا ہے۔ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ یکم جولائی سے شروع ہونے والی اس یاترا کے دوران اب تک 3 لاکھ 70 ہزار یاتریوں نے پوتر گھپا کا درشن کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ تعداد سال گذشتہ کے یاتریوں کی کل تعداد سے بھی تجاوز کر گئی۔ان کا کہنا تھا کہ سال گذشتہ اس سالانہ یاترا کے دوران کل 3 لاکھ 65 ہزار یاتریوں نے ہی پوتر گھپا کا درشن کیا تھا۔موصوف ترجمان نے بتایا کہ جمعہ کے روز 9 ہزار 1 سو 50 یاتریوں نے پوتر گھپا کا درشن کیا جس کے ساتھ یہ تعداد 3 لاکھ 69 ہزار 2 سو 88 یاتریوں تک پہنچ گئی۔انہوں نے کہا کہ امسال جہاں اس یاترا میں غیر ملکی یاتریوں نے حصہ لیا وہیں زندگی کے مختلف شعبوں سے وابستہ نامور شخصیات جیسے معروف بیڈمنٹن کھلاڑی سائنا نہوال اور بالی ووڈ ادا کاری سارہ علی خان نے بھی پوتر گھپا کا درشن کیا۔ان کا کہنا تھا: ‘یاتریوں کا یہ متنوع اجتماع امرناتھ یاترا کی عالمگیر اپیل کے ثبوت کے بطور کام کرتا ہے اور دنیا کے گوشہ و کنار کے لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے’۔انہوں نے کہا کہ یاترا کے منظم اور منضبط اہتمام نے یاتریوں میں سکون اور تحفظ کا احساس پیدا کر دیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ امسال یاترا کے دوران ہی کرگل وجے دیوس کا موقعہ آیا اور کرگل جنگ کی فتح کی تمام یاترا بیس کیمپوں پر تعظیم کی گئی۔انہوں نے کہا کہ امسال کی یاترا سے کرگل جنگ کے دوران ملک کے دفاع کے لئے اپنی جانیں قربان کرنے والے بہادر فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا موقع میسر ہوا۔62 دنوں پر محیط یہ یاترا 31 اگست کو شرون پورنیما کے متبرک موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔جموں وکشمیر انتظامیہ اور شری امرناتھ شرائن بورڈ نے یاترا کے لئے فقید المثال انتظامات کئے ہیں۔