جموں/جموں وکشمیر کے راجوری ضلع کے نوشہرہ سیکٹر میں فوج نے دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ایک ملی ٹینٹ کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔جموں میں مقیم دفاعی ترجمان نے بتایا کہ مستعد فوجی اہلکاروں نے 10جولائی کی رات کو نوشہرہ سیکٹر میں دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پیر اور منگل کی د رمیانی شب فوج نے نوشہرہ سیکٹر میں ایل او سی کے نزدیک ملی ٹینٹوں کے ایک گروپ کو اس طرف آتے ہوئے دیکھا۔ان کے مطابق الرٹ فوجی اہلکاروں نے ملی ٹینٹوں پر نظر گزر رکھی اور جوں ہی وہ بھارتی حدود میں داخل ہوئے تو فوج نے انہیں للکارا جس دوران دوبدو گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔موصوف ترجمان کے مطابق فوج اور ملی ٹینٹوں کے درمیان کافی دیر تک گولیوں کا تبادلہ جاری رہا جس دوران ایک ملی ٹینٹ ہلاک جبکہ دو زخمی حالت میں گھنے جنگل کی طرف بچ نکلنے میں کامیاب ہوئے۔دفاعی ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ دنوں مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے نوشہرہ سیکٹر میں تلاشی آپریشن شروع کیا۔انہوں نے بتایا کہ خراب موسمی صورتحال کے باوجود بھی فوج نے ملی ٹینٹ مخالف آپریشن جاری رکھا اور پیر اور منگل کی درمیانی شب سیکورٹی فورسز کو اس وقت کامیابی ملی جب جنگجووں اور فورسز کے مابین آمنا سامنا ہوا جس دوران ایک ملی ٹینٹ مارا گیا۔ان کے مطابق مہلوک ملی ٹینٹ کی لاش برآمد کی گئی اوراس کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔موصوف ترجمان نے بتایا کہ گھنے جنگل میں تلاشی آپریشن کے دوران فینسنگ کے نزدیک خون کے نشانات پائے گئے اور ممکنہ طورپر زخمی ملی ٹینٹ گھنے جنگل کا فائدہ اٹھا کر اس پار فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔انہوں نے مزید بتایا کہ مہلوک ملی ٹینٹ کے قبضے سے ایک رائفل، تین میگزین، 175گولیوں کے راونڈ، نو ایم ایم پستول، دو پستول میگزین، 15گولیوں کے راونڈ، چار ہینڈ گرنیڈ، کھانے پینے کی اشیاءاور دوسرا قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا ہے۔دفاعی ترجمان نے بتایا کہ نوشہرہ سیکٹر میں تعینات فوج نے دراندازی کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بناد یا۔انہوں نے کہاکہ ملی ٹینٹوں کا مقصد راجوری میں امن و امان کو خراب کرنا مقصود تھا۔ ان کے مطابق پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر فوج چوبیس گھنٹے چوکس ہے اور مستقبل میں اس طرح کی کوششوں کو ناکام بنانے کی خاطر فوج کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں