مہم جو سیاحت اور دیگر منصوبوں پر توجہ مرکوز کریں۔ ڈاکٹر سیّد سحرش اَصغر کی اَفسروں کو ہدایت
ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر سیّد سحرش اَصغر نے ضلع میں ماحولیاتی سیاحت کو فروغ دینے کی کوشش میں آج یہاں اَپنے دفتر میں متعلقہ اَفسروں کی میٹنگ طلب کی جس میں ضلع بھر میں نئے شناخت شدہ سیاحتی مقامات میںسیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے مختلف حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا ۔میٹنگ میں اِس موضوع پر سیر حاصل بحث و تمحیص ہوئی جس میںضلع میں چھپے ہوئے سیاحتی مقامات کی نشاندہی کے لئے مختلف حکمت عملی پر تبادلہ خیال ہوا جن میں منڈ داجی رفیع آباد ، لڈو لڈورہ ، راج پورہ رام پورہ ، پرہاسپورہ ، کازی ناگ نیشنل پارک اور یمبرزل باری کو سیاحتی نقشے پر لانے کے لئے شامل ہیں۔ڈاکٹر سیّد سحرش اَصغر نے کہا کہ ضلع کی سیاحتی صلاحیت وسیع اور منفرد ہے ۔اُنہوں نے زور دے کر کہا کہ دِلکش قدرتی حسن ، بھرپور ثقافتی ورثہ ، ضیافتوں اور گرمجوشی سے مہمان نوازی سے یہ سیاحتی مقامات سیاحتی نقشے پر اپنی ایک جگہ بنائیں گے۔اُنہوں نے کہا کہ ضلعی اِنتظامیہ تمام ضروری بنیادی ڈھانچہ اور وسائل کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ سیاحتی صنعت سے عوام کی اُمنگوں کو پورا کرنے کے لئے نئی اِقتصادی راہیں کھولنے کے لئے پُر عزم ہے۔اِس موقعہ پر ڈاکٹر سیّد سحرش اَصغر نے محکمہ سیاحتی اَفسروں سے ضلع بھر میں مختلف ٹورسٹ سرکٹ تیار کرنے ، مہم جو سیاحت ، ٹریکنگ سرگرمیوں ، زیارت گاہوں ، آبی کھیلوں اور دیگر مشہور وینچروں پر خصوصی توجہ دینے کے لئے کہا۔ اُنہوں نے تمام سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی آسان رَسائی کو یقینی بنانے پر زور دیا ۔ اُنہوں نے کہا کہ مناسب موبائل کنکٹویٹی ، سڑک اور بجلی ، پینے کے پانی کی سہولیات کے علاوہ آنے والے سیاحوں کو بغیر پریشانی اور یاد گار تجربہ فراہم کیا جائے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے ضلع میں ہوم سٹے کو فروغ دینے کے لئے کئے جانے والے اَقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے محکمہ سیاحت پر زور دیا کہ وہ تمام جدید ترین سہولیات اور آس پاس کے سیاحوں کی رہائش کے لئے ہوم سٹے کی تعداد کا اِندراج کریں۔اُنہوں نے متعلقہ اَفسروں کو ہدایت دی کہ وہ تمام سیاحتی مقامات پر سیاحوں کے لئے عوامی سہولیتوں ، پارکنگ سہولیات ، صفائی ستھرائی ، اشارے ، ٹوائلٹ یونٹوں کے علاوہ سرگرمیوں کو یقینی بنائیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے محکموں سے کہا کہ وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارموں کے ذریعے سیاحتی مقامات ، ثقافتی ورثے اور دیگر یاد گاروں کو فروغ دیں۔دریں اثناء،چیئرکو جانکاری دی گئی کہ منڈداجی رفیع آباد تک 14کلومیٹر سڑک کو میکڈیمائزکیا گیا ہے اور دیگر 5 کلومیٹر پر کام رواں سیزن کے دوران مکمل کیا جائے گا۔