سری نگر/جنوبی کشمیر کے کانگسو مٹن اننت ناگ میں دوست نے دوست کے جسم میں چھرا گھونپ دیا جس کے نتیجے میں وہ شدید طورپر زخمی ہوا۔اطلاعات کے مطابق اننت ناگ کے کانگسو مٹن علاقے میں بدھ کے روز اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب دوست نے اپنے ہی دوست پر چاقو سے وار کیا جس کے نتیجے میں وہ شدید طورپر زخمی ہوا۔ذرائع نے بتایا کہ عدنان الطاف اپنے دوست کے ہمراہ گھر باہر تھے کہ اسی اثنا میں دونوں دوستوں کے مابین کسی بات پر تو تو میں میں شروع ہوئی جس نے جھگڑے کا رخ اختیار کیا۔معلوم ہوا ہے کہ جھگڑے کے دوران ہی عدنان الطاف پر چاقو سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں وہ شدید طورپر زخمی ہوا اور اس کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔اہل خانہ نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ ہمارے لخت جگر پر چاقو سے حملہ کیا گیا اور اس واقعے میں ملوث شخص کو فوری طورپر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا جائے۔دریں اثنا پولیس نے کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔













