سری نگ/ قوامی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے ملی ٹینٹوں اور ان کے سہولیت کاروں کے خلاف اپنا کریک ڈاون جاری رکھتے ہوئے بدھ کے روز پلوامہ ، شوپیاں اور کپواڑہ میں تین ملزمان کی جائیدادیں قرق کردیں۔ معلوم ہوا ہے کہ پلوامہ میں یو اے پی اے ایکٹ کے تحت چھ دکانوں کو اٹیچ کیا گیا۔ این آئی اے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے بدھ کے روز جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے لیتہ پورہ علاقے میں یو اے پی اے کے تحت 6 دکانوں کو قرق کر دیا۔انہوں نے بتایا کہ این آئی اے نے لیتہ پورہ اونتی پورہ میں بدھ کے روز ساڑھے پانچ مرلوں پر محیط 6 دکانوں پر مشتمل جائیداد کو قرق کر دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ جائیداد فیاض احمد ماگرے ولد مرحوم جلال الدین ماگرے کی ہے جو این آئی اے کیس آر سی 10/2018 این آئی اے / ڈی ایل آئی میں ملزم ہے۔انہوں نے کہا کہ این آئی اے نے وہاں ایک نوٹس بھی چسپاں کیا ہے۔ادھر قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے سرحدی ضلع کپواڑہ میں جائیداد کو ضبط کیا۔ترجمان نے بتایا کہ قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے سرحدی ضلع کپواڑہ کے منی گاہ میں دولت علی مغل کی تین کنال پانچ مرلہ اراضی کو ضبط کیا۔انہوں نے بتایا کہ دولت علی مغل کے خلاف این آئی اے نے ایک کیس درج کیا ہوا ہے۔ان کے مطابق این آئی اے کی خصوصی عدالت سے اجازت کے بعد ہی جائیداد کو قرق کیا گیا ہے۔بتادیں کہ تفتیشی ایجنسی (این آئی اے) نے دہشت گرد وں اور ان کے سہولیت کاروں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا ہوا ہے جس کے تحت ملی ٹینٹوں کی جائیدادیں اٹیچ کی جارہی ہیں۔دریں اثنا این آئی اے نے بدھ کے روز ہی حرمین شوپیاں میں ملی ٹینسی کیس کے سلسلے میں ایک ملزم کی جائیداد کو ضبط کیا۔ ترجمان نے بتایا کہ آلورا گاوں میں مشترکہ رہائشی مکان کے دو کمروں کو قرق کردیا یا۔ انہوں نے بتایا اسحاق پالہ کے دو کمروں کو سیل کیا گیا ہے ۔














