پریاگ راج،/(ا ے یوایس)پریاگ راج کی پولیس کو سابق سیاستداں عتیق احمدکے منہدم گھر کے اندر خون کے نشانات ملے ہیں۔ گھرکی سیڑھیوں پر بھی خون کے چھینٹے پڑے ہوئے تھے۔ اس کے علاوہ دفتر میں ایک صوفے پر رکھے سفید کپڑے کے ٹکڑے پربھی خون کے نشان تھے۔ یہ واضح نہیں ہے کہ کس کے خون کے نشانات وہاں پر تھے۔جزوی طور پر منہدم کئے گئے دفتر کے اندر ایک چاقو بھی ملا ہے۔ پولیس معاملے کی تحقیقات کررہی ہے۔قابل غور ہے کہ15اپریل کو تین حملہ آوروں نے عتیق اور اس کے بھائی اشرف کو گولی مارکر قتل کردیا تھا جب پولیس کی ایک ٹیم پریاگ راج میں طبی جانچ کیلئے لے جارہی تھی۔ ان دونوں کی موت پولیس حراست میں ہوئی۔ گولی باری کا پورا واقعہ کیمرہ پر براہ راست کیپچر کیا گیا۔ عتیق امیش پا ل قتل معاملے میں ملزم تھا۔ 24 فروری کو بی ایس پی رکن اسمبلی راجوپال کے قتل میں اہم گواہ امیش پال اور اس کے دو محافظ کو گولی مارکر ہلاک کردیا گیا تھا۔ اگلے دن پولیس نے عتیق، اس کے بھائی اشرف، بیوی شائستہ پروین ، دو بیٹوں، معاون غلام اور گڈو مسلم اور نو دیگر کے خلاف دھومن گنج پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کرایاتھا۔














