ضلع پلوامہ کے بارسو ا ونتی پورہ علاقے میں19مارچ کو ایک بس کے اُلٹ جانے کے نتیجے میں ہوئے سڑک حادثے میں زخمی ہونے والا ایک اور مزدور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، جس سے مرنے والوں کی تعداد6 ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق 19مارچ کوسری نگرجموں شاہراہ پربارسو اونتی پورہ کے نزدیک ایک بس اُلٹ جانے کے نتیجے میں 4افراد ہلاک اور28دیگرزخمی ہوگئے تھے ،جن میں سے ایک زخمی کچھ دن پہلے دم توڑ بیٹھا تھا۔ذرائع نے بتایاکہ ایک اور زخمی علی حسن انصاری ساکنہ جھارکھنڈنے4روز تک موت وحیات کی کشمکش میں مبتلاءرہنے کے بعدبدھ کی صبح سری نگر کے ایس ایم ایچ ایس اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا،اوراس طرح سے اس سڑک حادثے میں مرنے والوںکی تعداد6ہوگئی ہے جبکہ کچھ زخمی افرادصدر اسپتال میں ابھی زیرعلاج ہیں۔حکومت نے پہلے ہی اس سڑک حادثے میں مرنے والوں اور زخمی ہونے والوں کے لواحقین کو ایکس گریشیا ریلیف کا اعلان کیا ہے۔














