اس وقت ہم ایک نازک دور سے گزر رہے ہیں، موجودہ دور میں جموں وکشمیر کے عوام کو زبردست چیلنجوں کا سامناہے اور ہمیں مستقبل میں مختلف مراحل پر مزید چیلنج درپیش ہونگے۔ ان چیلنجوں کا سامنا کرنے کیلئے ضروری ہے کہ ہم آپسی صفوں کو مضبوط کریں اور متحدو یک زبان ہوکر کام کریں ۔ ان باتوں کا اظہار صدرِ نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے آج پارٹی ہیڈکوارٹر پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقعے پر پارٹی جنرل سکریٹری ایڈوکیٹ علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفےٰ کمال ، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی وانی اور دیگر لیڈران و عہدیدارا ن بھی موجو دتھے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہاکہ نیشنل کانفرنس روز اول سے ہی کشمیر دشمنوں کے نشانے پر رہی ہے اور آج بھی دشمن ہماری جماعت کو زیر کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں کیونکہ دشمن اس بات سے بخوبی واقف ہے کہ یہی ایک ایسی عوامی نمائندہ جماعت ہے جو جموں وکشمیر کی انفرادیت، اجتماعیت اور شناخت کی علمبردار اور ضامن ہے ۔دشمن نیشنل کانفرنس کو کمزور کرکے جموں وکشمیر کے تینوں خطوں کی پہچان، وحدت اور بھائی چارے کو زک پہنچانے کی تاک میں ہے ۔