آل جموں و کشمیر سکھ رابطہ کمیٹی کے وفد نے لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی
جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر نے ہفتہ کے روز کہا ہے کہ سرکار یوٹی میں ہر طبقہ کی فلاح و بہبود کےلئے پر عزم ہے اور کسی بھی طرح سے کسی بھی فریق کو حقوق سے محروم نہیں رکھا جائے گا۔ ان باتوں کااظہار لیفٹیننٹ گورنر نے سکھ کورآڑڈینیشن کمیٹی کے وفد سے ملاقات کے دوران کئے ۔ آل جموں و کشمیر سکھ کوآرڈینیشن کمیٹی کے چیئرمین ایس اجیت سنگھ کی قیادت میں گوردوارہ پربندھک کمیٹیوں کے منتخب صدور سمیت مختلف سکھ تنظیموں کی نمائندگی کرنے والے گیارہ رکنی وفد نے آج یہاں راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر شری منوج سنہا سے ملاقات کی۔اس موقعے پر ایل جی موصوف نے وفد سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ سرکار جموں کشمیر کے ہر طبقے اور ہر فریق کی فلاح و بہبود کو یقینی بنائے گی اور کسی بھی فریق کو حقوق سے محروم نہیں رکھا جائے گا۔ سکھ برادری کے سرکردہ ارکان کے وفد نے معزز ہائی کورٹ کی طرف سے جاری کردہ حالیہ ہدایات کی روشنی میں سکھ گوردوارہ پربندھک بورڈ کے انتخابات سمیت کمیونٹی سے متعلق کئی مسائل پیش کئے۔وفد نے سکھ برادری کے مسائل کے تئیں حساس ہونے اور ان کے حل کے لیے مخلصانہ کوششیں کرنے پر لیفٹیننٹ گورنر کا بھی شکریہ ادا کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے وفد کے ارکان کو صبر سے سنتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ بات چیت کے دوران پیش کیے گئے تمام حقیقی مسائل کو مناسب کارروائی کے لیے انتظامیہ کے متعلقہ حلقوں کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔














