سات ماہ بعد جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہند پاک افواج نے کنٹرول لائن پر کپواڑہ کے ٹیٹوال سیکٹر میں ایک دوسرے کی چوکیوںکا نشانہ بنا کر گولی باری کی تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیںہوئی ۔اطلاعات کے مطابق ہند پاک کے مابین جنگ بندی معاہدے پر مکمل اتفاق کے سات ماہ بعد دونوں ممالک کے افواج نے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک دوسری کی چوکیوںکا نشانہ بنا کر فائرنگ کی ۔ معلوم ہوا ہے کہ اتوار کی صبح قریب 7بجکر 15منٹ پر کپواڑہ کے ٹیٹوال سیکٹر میں دونوں ممالک کے افواج نے آر پار گولے بر سائے ۔ معلوم ہوا ہے کہ پاکستانی رینجرس کی جانب سے آر پی جی ، 60ایم ایم ماٹر شل اور ایچ ایم جی کا استعمال کیا گیا جس کے جواب میں بی ایس ایف نے بھی جوابی کارورائی کی اور آر پار قریب د س منٹوں تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا ۔ تاہم گولی باری کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیںہے ۔ دفاعی ذرائع نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی رینجرس نے اتوار کی صبح جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے چھوٹے ہتھیاروں سے بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنا کر فائرنگ کی جس کے جوا ب میں بی ایس ایف نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے واپس فائرنگ کی ۔ انہوں نے بتایا کہ گولی باری کے تبادلے میں اس طرف سے کسی بھی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیںہے ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ رواں سال کے ماہ فروری میں ہند پاک افواج نے امن معاہدے کے تحت لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے پر مکمل عملدر آمد کرنے پر اتفاق کیا تھا جس دوران کئی ماہ تک سرحدوں پر سکوت تھا اور گولی باری کا سلسلہ بند ہونے سے سرحدی آبادی نے بھی راحت کی سانس لی تھی ۔