کسانوں کی ترقی کیلئے جے اینڈ کے ایڈوائیزری بورڈ نے آج بورڈ کے وائس چئیر مین ایڈیشنل چیف سیکرٹری ( اے سی ایس ) محکمہ زراعت کی پیداوار اتل ڈولو کی صدارت میں بورڈ کی میٹنگ طلب کی ۔ وائس چانسلر سکاسٹ جموں پروفیسر جے پی شرما بھی میٹنگ میں موجود تھے ۔ میٹنگ میں جموں ڈویژن میں آبپاشئی کے نیٹ ورک کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بات چیت کے علاوہ آبپاشی کی نہروں ، چھوٹی چھوٹی اور معاون ندیوں کی مکمل کٹائی اور تزئین و آرائش کیلئے ایک قابل عمل حل بھی نکالا گیا تا کہ جن کسانوں کی زمین ان نہروں کے آخری سرے پر ہے فصل کے پورے موسم میں ان کو پانی مل سکے ۔ مزید براں موجودہ ماحولیاتی تبدیلیوں یعنی گلوبل وارمنگ کو مدِ نظر رکھتے ہوئے دستیاب قابل کاشت رقبہ کے مطابق پانی کی اصل ضرورت کی بنیاد پر ان نہروں کو کھولنے اور بند کرنے کیلئے ایک مناسب کلینڈر پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ میٹنگ میں بورڈ ممبران ، محکمہ زراعت کے سربراہ ، چیف انجینئر اریگیشن اینڈ فلڈ کنٹرول جموں ، چیف انجینئر راوی توی اریگیشن جموں ، ڈائریکٹر دیہی ترقی جموں ، سی ای او جے کے ای ڈی اے ، ڈائریکٹر میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ جموں ، ریجنل ڈائریکٹر سینٹرل گراو¿نڈ واٹر جموں ، چیف انجینئر پی ڈی سی ایل جموں اور دیگر نے شرکت کی ۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے اے سی ایس نے کہا کہ بورڈ ممبران کی طرف سے اٹھائے گئے خدشات کو مشترکہ طور پر حل کرنے کی ضرورت ہے اور جموں ڈویژن میں آبپاشی کے مسئلے کو سنجیدگی سے حل کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے وی سی سکاسٹ جموں اور بورڈ ممبران کی طرف سے پیش کردہ تجاویز کی تائید کی ۔ انہوں نے مشورہ دریا کہ سکاسٹ جموں اور سکاسٹ کشمیر کو فوری طور پر دو انکیوبیشن سینٹرز شروع کرنے چاہئیں جہاں کسانوں کو ان کی فصلوں میں پانی کے استعمال ، آبپاشی کے وسائل کے انتظام ، ان کے کھیتوں میں کھادوں کے مناسب اور منصفانہ استعمال کے بارے میں تربیت دی جا سکتی ہے ۔ اتل ڈولو نے محکمہ آبپاشی اور فلڈ کنٹرول جموں سے کہا کہ وہ ان نہروں کو کھولنے اور بند کرنے کیلئے ڈائریکٹر زراعت جموں کے ساتھ مشاورت سے ایک قابل عمل کلینڈر ترتیب دیں تا کہ کسانوں کے خدشات کو دور کیا جا سکے ۔
اتل ڈولو نے چیف انجینئر آبپاشی اور فلڈ کنٹرول ڈیپارٹمنٹ جموں سے کہا کہ وہ پانی کی کمی والے ان علاقوں میں کافی سبمر سیبل پمپس اور الیکٹرک موٹرز /ڈیزل جنریٹر کو اسٹینڈ بائی یونٹ کے طور پر دستیاب رکھیں تا کہ کسانوں کو پانی چوبیس گھنٹے دستیاب رہے ۔ کسانوں کے کھیتوں میں نصب موٹروں کو برقی سپلائی کی دستیابی کے بارے میں انہوں نے چیف انجینئر پی ڈی سی ایل جموں سے کہا کہ وہ کسانوں کی ضرورت کے مطابق کٹوتی پروگرام کو شیڈول کریں ۔ وی سی سکاسٹ جموں پروفیسر جے پی شرما نے اپنے خطاب میں اس قسم کی اہم میٹنگیں منعقد کرنے کیلئے بورڈ کی کوششوں کو سراہا جو کسانوں پر مرکوز ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سرحدی علاقوں میں رہنے والے کسانوں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے طویل مدتی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے اور ان نہروں کو صاف اور آلودگی سے پاک رکھنے کیلئے ایک جامع منصوبہ بندی کرنے کی ضرورت ہے ۔