اب تک جتنی بھی گاڑیوں کو ضبط کیا گیا اُنہیں فوری طورپر چھوڑا جائے /سپیشل مجسٹریٹ سری نگر
سری نگر کی ایک مقامی عدالت نے منگل کو ٹریفک پولیس کشمیر کو ہدایت دی کہ وہ گاڑیوں کو ضبط کرنے کے لئے ای چالان جاری کرنے کو اس وقت تک روک دیں جب تک کہ نظام میں درپیش تکنیکی خرابیوں کو دور نہیں کیا جاتا۔ اسی دوران عدالت نے اب تک قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کی وجہ سے ضبط کی گئی تمام گاڑیوں کو چھوڑنے کی ہدایات بھی دیں۔ سپیشل موبائیل مجسٹریٹ (ٹریفک) سری نگر نے مشاہدہ کیا کہ ضروری طریقہ کار کی پیروی کے بغیر ای چالان کے ذریعے گاڑیوں کو ضبط کرنا شہریوں کو قانونی خدمات سے محروم کر دیتا ہے۔ عدالت نے آئی جی پی ٹریفک اور ایس ایس پی ٹریفک سری نگر کو ہدایت دی کہ وہ اس وقت تک گاڑیوں کو ضبط کرنے کے لئے ای چالان کو روک دیں جب تک کہ تیکنیکی خرابیاں ٹھیک نہ ہو جائیں ۔بتادیں کہ عدالت ایک درخواست گزار کی عرضی پر سماعت کر رہی تھی جسے ٹریفک پولیس سری نگر نے ای چالان کے ذریعے گاڑی کا چالان کیا تھا۔ عدالت نے کہاکہ غیر متنازعہ موقف یہ ہے کہ ای چالان کے ذریعے زیر بحث گاڑی کو ضبط کرنا ضروری طریقہ کار کی پیرو ی کے بغیر جاری کیا گیا ہے۔ مطلوبہ طریقہ کار کی عدم تعمیل نے نہ صرف درخواست گزار کو قانونی خدمات سے محروم کردیا ہے بلکہ اس سے منصفانہ ٹرائل کے حق سے بھی محروم کردیا ہے۔ عدالت نے کہاکہ گاڑی ضبط کرنے کے ساتھ ساتھ چھ ہزار روپیہ جرمانہ قانون کے مطابق نہیں ہے۔ اس کے مطابق ایس ایس پی ٹریفک کو ہدایت دی جاتی ہے کہ جرمانے کی درخواست گزار کو واپس دی جائے۔