آہوں اور سسکیوں کے بیچ دونوں کمسن بھائی سپرد خاک
کپواڑہ کے دیور لولاب میں آگ کی ایک واردات کے دوران دو کمسن بچے جھلس جانے سے لقمہ اجل بن گئے جبکہ اس دوران تین مکان بھی خاکستر ہوئے ہیں۔ معلو م ہوا ہے کہ دونوں کمسن بھائیوں کو آہوں اور سسکیوں کے بیچ پُر نم آنکھوں کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔ لولاب کے ککاڈ پتی گاوں میں درمیانی شب رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً اپنے متصل مزید دو مکانوں کو لپیٹ میں لے لیا۔ انہوں نے بتایا کہ آگ نمودار ہونے کی اطلاع ملتے ہی پولیس ، فوج اور مقامی لوگ جائے موقع پر پہنچے اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی۔ نامہ نگار نے بتایا کہ ایک رہائشی مکان میں دو کمسن بھائی پھنس کر رہ گئے گر چہ دونوں کو بچانے کی انتھک کوشش کی گئی تاہم آگ کی تپش سے دونوں جھلس کر لقمہ اجل بن گئے۔ کمسن بھائیوں کی شناخت چھ سالہ عامر احمد خان اور تین سالہ سبزار احمد خان پسران محمد اکبر خان کے بطور ہوئی ہے۔ پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔ دریں اثنا اتوار کی صبح لوگوں کی ایک بڑی تعداد جائے وقوع پہنچی جس دوران گاوں میں قیامت صغری بپا ہوئی۔ نمائندے نے بتایا کہ دونوں بھائیوں کو پُر نم آنکھوں کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا جس دوران رقعت آمیز مناظر دیکھنے کوملے۔