جموں و کشمیر کے ڈوڈہ ضلع میں پیر کو ایک گاڑی سڑک سے پھسل کر گہری کھائی میں گرنے سے تین سرکاری افسران کی موت ہو گئی اور ایک اور شدید زخمی ہو گیا۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے حادثے پر غم کا اظہار کیا اور ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی کہ زخمیوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے۔اس ضمن میں مقامی اسٹیشن ہاو¿س آفیسر بھویندر کوتوال نے بتایا کہ گاڑی آر اینڈ بی کے محکمے کی ایک ٹیم کو لے کر جا رہی تھی جب صبح 10.45 بجے کے قریب بٹوٹ،کشتواڑ قومی شاہراہ پر اسار کے قریب یہ حادثہ پیش آیا۔انہوں نے بتایا کہ گاڑی 200 میٹر نیچے کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں پونچھ کے ایگزیکٹو انجینئر رفیق شاہ، ادھم پور کے اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئرنگ کمل کشور شرما اور ڈوڈہ کے ڈرائیور محمد حفیظ کی موت ہو گئی۔ایس ایچ او نے بتایا کہ سپرنٹنڈنگ انجینئر سریش کمار اس حادثے میں شدید زخمی ہو گئے اور انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ یہ حادثہ دھند اور شدید بارش کی وجہ سے کم حد نگاہ کی وجہ سے پیش آیا۔ادھر بلاک میڈیکل آفیسر (بی ایم او)، اسر، ڈاکٹر تنویر احمد نے بتایا کہ زخمی اہلکار کو خصوصی علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج اسپتال جموں ریفر کیا گیا ہے جہاںاس کا علاج و معالجہ جاری ہے ۔ انہوںنے کہا کہ نے والوں کا پوسٹ مارٹم جاری ہے اور ضروری رسمی کارروائیوں کی تکمیل کے بعد لاشوں کو آخری رسومات کے لیے ان کے اہل خانہ کے حوالے کر دیا جائے گا۔بی ایم او نے کہا کہ کمار کی حالت مستحکم ہے لیکن اسے مزید چیک اپ کے لیے جی ایم سی اسپتال جموں ریفر کیا جائے گا کیونکہ یہاں سی ٹی اسکین کی سہولت دستیاب نہیں ہے جبکہ جی ایم سی ڈوڈا کی طرف جانے والی سڑک لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بند ہے۔دریں اثناءجموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اس حادثے پر اپنے گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کرتے ہوئے ٹویٹر پر لکھا ہے کہ حادثہ کی خبر سن کر دکھ پہنچا ہے ۔ اس موقعے پرانہوں نے زخمی ملازم کی فوری طبی امداد کی ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی ہے ۔ جبکہ انہوں نے مہلوکین کے اہلخانہ کے ساتھ ہمدردی کااظہار کیا ہے ۔