کہا، اِی ۔ گورننس اور اسمبلی کے ریکارد کی ڈیجیٹلائزیشن کیلئے موثر اقدامات کریں
سیکرٹری جموںوکشمیر قانون ساز اسمبلی منوج کمار پنڈت نے آج یہاں اسمبلی کمپلیکس میں جموںوکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اَفسران اور ملازمین کے ساتھ ایک تعارفی میٹنگ منعقد کی۔میٹنگ میں سیکرٹری نے اسمبلی کے اَمور،ملازمین کے مسائل اور ملازمین کی فلاح وبہبود سے متعلق دیگر متعلقہ اَمور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ سیکرٹری نے خطاب کرتے ہوئے اَفسران پر زور دیا کہ وہ پوری لگن اور عزم کے ساتھ کام کریں کیوں کہ یہ اِدارہ عا م لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے بہت باوقار اِدارہ ہے۔سیکرٹری موصوف نے اِدارے کے اَمور پر بات کرتے ہوئے اَفسران سے کہا کہ وہ اِی ۔گورننس کے لئے مو¿ثر اقدامات کریں ، اسمبلی کے تمام ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن اور ریکروٹمنٹ رولز کو بھی فوری پر حتمی شکل دے کر متعلقہ محکموں کو پیش کیا جائے ۔اُنہوں نے اَفسران سے مزید کہا کہ وہ ’جموںوکشمیر قانون ساز اسمبلی میں قواعد و ضوابط او رکاروبار کے طرزِ عمل‘ کو وضع کر نے اور اَپ ڈیٹ کرنے کا عمل شروع کریں۔میٹنگ میں ملازمین نے سیکرٹری کے ساتھ اَپنی فلاح و بہبود سے متعلق متعدد مسائل اُٹھائے اور انہیں بتایا کہ گذشتہ تین برسوں سے یہاں ملازمین کو کوئی ترقی نہیں دی گئی۔سیکرٹری نے ملازمین کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اِس معاملے سے بخوبی واقف ہیں کیوں کہ وہ محکمہ قانون میں پارلیمانی اَمور کے سیکشن سے نمٹ رہے تھے اور اُنہوں نے یہ معاملہ اعلیٰ اَفسران کے ساتھ اُٹھایا ہے ۔ سیکرٹری نے اُنہیں یقین دِلایا کہ ان کے تمام جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔اِس سے قبل سیکرٹری موصوف نے جموںوکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اَفسران اور ملازمین کا استقبال کیا۔