مرکزی وزیر مملکت برائے مائیکرو ، سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز ( ایم ایس ایم ای ) بھانو پرتاپ سنگھ ورما نے آج گرام سبھا میں شرکت کیلئے حکومت کے پرجوش پروگرام بیک ٹو ولیج 4 کے دوسرے دن پنچائت حلقہ چیر سو اونتی پورہ پلوامہ کا دورہ کیا ۔ اس دوران گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول چرسو کے طلباءاور مقامی لوگوں کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا ۔ وزیر مملکت نے والی بال میچ کا افتتاح کیا اور جی ایچ ایس ایس کے طلباءکے ساتھ بات چیت کی ۔ وزیر موصوف نے گورنمنٹ بوائیز ہائیر سکینڈری سکول میں پنچائت حلقہ چیرو کے مقامی لوگوں کے ساتھ ایک مختصر میٹنگ کی اور دورہ کرنے والے افسران سی ای او ٹورازم پہلگام ڈیولپمنٹ اتھارٹی ، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ، پیداوار ، علاقے کے وزیٹر کی موجودگی میں عوامی مسائل سُنے ۔ ڈی ڈی سی ممبر اوتار سنگھ ، حلقہ کے سرپنچ ، پی آر آئیز ، سول سوسائٹی کے ممبران اور علاقے کے سرکردہ شہریو ں نے اپنے مسائل کے بارے میں وزیر موصوف کو آگاہ کیا ۔ لوگوں کے مطالبات کا جواب دیتے ہوئے مسٹر بانو پرتاپ سنگھ ورما نے کہا کہ حکومت ان کے دروازے پر گُڈ گورننس فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہے اور اس طرح کے پروگراموں کے انعقاد کا مقصد عام لوگوں سے سرکاری اسپانسر شدہ اسکیموں کے بارے میں رائے لینا ہے ۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر پلوامہ سے کہا کہ وہ لوگوں کی طرف سے اٹھائے گئے مختلف عوامی مسائل سے متعلق ڈی پی آر کی تیاری کیلئے افسران کو متحرک کریں ۔ وزیر نے انکشاف کیا کہ ایم ایس ایم ای کے تحت بے روز گار نوجوانوں کو اپنی آمدنی پیدا کرنے والے یونٹس قائم کرنے میں سہولت فراہم کرنے کیلئے بہت سی اسکیمیں ہیں جن کیلئے مختلف اسکیموں کے تحت سبسڈی بھی فراہم کی جاتی ہے ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بصیر الحق چودھری نے گرام سبھا کی اہمیت اور کردار پر روشنی ڈالی ۔ تقریب میں ضلعی افسران ، پی آر آئی ممبران اور بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔ بعد میں وزیر نے بیٹ مینوفیکچرنگ یونٹس کا معائینہ کیا اور ان یونٹ ہولڈرز کے مالکان کے ساتھ بات چیت کی جنہوں نے ایم او ایس کو انہیں درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے لارمو اونتی پورہ میں واٹر سپلائی اسکیم پر جاری کام کا بھی معائینہ کیا ۔وزیر نے سنٹرل سیریکلچر ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ پامپور کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے عملے اور محققین سے بات چیت کی ۔ انہیں بتایا گیا کہ سنٹرل سلک بورڈ نے جموں و کشمیر میں سی ایس بی کی سابقہ سرگرمیوں کو بحال کرنے کیلئے پامپور میں سنٹرل سیریکلچر ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ قائم کیا ہے ۔ یہ ادارہ تحقیق اور ترقی اور انسانی وسائل کی ترقی میں سرگرم عمل ہے ۔ وزیر نے ڈسو پامپور میں اسپائس پارک کا بھی دورہ کیا اور قومی مشن برائے زعفران کے تحت جموں و کشمیر زعفران کی اقتصادی بحالی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائیزہ لیا ۔ دریں اثنا ضلع کے دیگر تمام پنچائت حلقوں میں بھی اسی طرح کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جبکہ نامزد افسران نے لوگوں کی شکایات سُنیں اور انہیں جلد از جلد اعلیٰ حکام تک پہنچانے کا یقین دلایا ۔