امریکہ کے مسلط کردہ چوروں سے تامرگ مقابلہ کروں گا: عمران خان
اسلام آباد، 26 اکتوبر (یو این آئی) پاکستان کے سابق وزیر اعظم اورپاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میں جب تک زندہ ہوں تب تک امریکہ کے مسلط کردہ چوروں کا مقابلہ کروں گا، ہم ان کو شکست دیں گے اور قائد اعظم کا پاکستان بنائیں گے ۔ انہوں نے پاکستان کے سیالکوٹ کے مرے کالج میں طلبہ کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانوں اور جانوروں کے معاشرے میں سب سے بڑا فرق انصاف کا ہوتا ہے ، انسانی معاشروں میں قانون طاقتور اور کمزور کو ایک طرح دیکھتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دنیا آگے نکل گئی اور ہمارا ملک اسی لیے پیچھے رہ گیا کیونکہ ہمارے ملک میں انصاف نہیں ہے ، طاقتور اپنے آپ کو قانون سے بالاتر سمجھتا ہے ، ملک کا سب سے بڑا ڈاکو آپ کا وزیر اعظم بن گیا ہے ۔ سابق وزیر اعظم نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں سب سے پہلے آپ سے کہوں گا کہ اپنی پڑھائی پر آپ کی سب سے زیادہ توجہ ہونی چاہیے ، وہی قومیں اوپر جاتی ہیں جو تعلیم کو اہمیت دیتی ہیں، ان شا اللہ میں اس کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دلوانے کی کوشش کروں گا۔انہوں نے کہا کہ ظلم و زیادتی ہو تو زندہ معاشرہ انصاف کے لیے کھڑا ہوتا ہے ، جانور کبھی ظلم و زیادتی کے خلاف کھڑے نہیں ہوتے ۔انہوں نے کہا کہ ارشد شریف کا رتبہ شہیدوں میں شمار ہوتا ہے جو اپنے ملک کے لیے جدوجہد کررہا تھا، چوروں اور ڈاکوو¶ں کو بے نقاب کررہا تھا اور ‘رجیم چینج’ کے خلاف جہاد کررہا تھا، یہ قوم ہمیشہ اس کو یاد رکھے گی کہ اس نے حق کے لیے اپنی جان قربان کی۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ میں آج آپ کو صرف یہ بتانے آیا ہوں کہ میں جب تک زندہ ہوں تب تک امریکا کے مسلط کردہ چوروں کا مقابلہ کروں گا، اپنی قوم کو تیار کروں گا، اللہ کے تمام پیغمبروں نے ظالموں کا مقابلہ کیا اور سب انصاف کے لیے کھڑے ہوئے ۔ انہوں نے کہ آپ سب مستقبل کے لیڈر ہیں، لیڈر وہی ہوتا ہے جو انصاف کے لیے کھڑا ہوتا ہے ، جو ظلم کے سامنے سر جھکاتے ہیں ان میں اور جانوروں میں کوئی فرق نہیں ہوتا۔عمران خان نے کہا کہ ان شا اللہ ہم ان چوروں کا مقابلہ کریں گے ، ان کو شکست دیں گے اور قائد اعظم کا پاکستان بنائیں گے اور پاکستان کے لیے علامہ اقبال کو خواب پورا کریں گے ۔