بی جے پی حکومت کی انارکی کا متحد ہوکر منہ توڑ جواب دینگے :کھڑگے
نئی دہلی، 26 اکتوبر (یو این آئی) کانگریس کے نو منتخب صدر ملک ارجن کھڑگے نے بدھ کے روز کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے اپنی انارکی کی وجہ سے ملک کے سامنے کئی چیلنجز کھڑے کر دیے ہیں اور کانگریس لیڈروں اور کارکنوں کو ذمہ دار سیاسی جماعت کے ممبر ہونے کے ناطے ملک کے لیے بحران پیدا کر رہے ان چیلنجوں کا منہ توڑ جواب دینا ہے ۔آج یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں صدر کے طور پر انتخاب کا سرٹیفکیٹ دینے کے لیے منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر کھڑگے نے مودی حکومت پر سیدھا حملہ کیا اور کہا کہ حکومت کی انتشار پسندانہ پالیسیوں کی وجہ سے ملک اور سماج کے سامنے بحران پیدا ہوگیا ہے اور کانگریس ایک ذمہ دار تنظیم ہونے کے ناطے ان تمام چیلنجوں کا منہ توڑ جواب دے گی۔صدر منتخب ہونے پر ان کے اعزاز میں منعقدہ تقریب کو اپنے لیے فخر کی بات قرار دیتے ہوئے مسٹر کھڑگے نے کہا، “یہ میرے لیے فخر کی بات ہے کہ پارٹی کے ایک عام کارکن کو اس کی ذمہ داری سنبھالنے کا یہ اعزاز حاصل ہوا ہے ۔ جس نے مہاتما گاندھی، سبھاش چندر بوس، پنڈت جواہر لال نہرو، اندرا گاندھی، جگ جیون رام جیسی عظیم سیاسی شخصیات کو آگے بڑھایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ملک کی تعمیر اور اسے برقرار رکھنے میں جو عظیم کردار ادا کیا ہے وہ کانگریس کے ہر لیڈر اور کارکن کی ذمہ داری ہے ، اس لیے وہ پارٹی کو آگے لے جانے کے لیے جو بھی قدم اٹھائیں گے ، پارٹی کے تمام کارکنوں کو ان کے ساتھ آگے بڑھ کر ان کی حوصلی افزائی کرنی ہوگی۔ سبکدوش ہونے والی پارٹی صدر سونیا گاندھی کے کام کی تعریف کرتے ہوئے مسٹر کھڑگے نے کہا کہ انہوں نے کانگریس کو مضبوط کرنے کے لئے بے لوث کام کیا ہے ۔ محترمہ گاندھی کی وجہ سے ہی ملک کے لوگوں کو منریگا، معلومات کا حق، فوڈ سیکورٹی جیسے حقوق مل سکے ہیں۔مودی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی نے سوچا بھی نہیں ہوگا کہ ملک میں نفرت اور جھوٹ پھیلانے والی حکومت کبھی آئے گی، لیکن کانگریس آئین کی اقدار پر عمل کرتے ہوئے ملک کو نقصان پہنچانے والوں کا مقابلہ کرے گی۔ مودی حکومت کی من مانی اور انارکی کی وجہ سے ملک میں ایک بڑا بحران پیدا ہو گیا ہے اور بحران کے اس دور میں ملک کو آگے لے جانے کے لیے سب کو متحد ہوکر کام کرنا چاہیے ۔