فلسطینی جنگجو گروپ ’عرین الاسود‘ کے زیر استعمال ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
یروشلم© ۵۲ اکتوبر (ایجنسیز) اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے میں چھاپوں کے دوران چھ فلسطینیوں کو ہلاک جبکہ 20 کو زخمی کر دیا ہے۔ دوسری جانب اسرائیل کے وزیراعظم یائر لیپڈ نے کہا ہے کہ نابلس شہر میں ہلاک ہونے والوں میں ودیع الحوح نامی عسکری لیڈر بھی شامل تھا جو فلسطینی جنگجووں کے نئے اتحاد ’عرین الاسود‘ کا سربراہ تھا۔ اس سے قبل فلسطین کی وزارت صحت نے تین افراد کی ہلاکت جبکہ 19 کے شدید زخمی ہونے کی تصدیق کی تھی۔ بعدازاں جاری کیے گئے بیان میں مزید تین فلسطینیوں کی ہلاکت کی اطلاع بھی دی گئی۔ اسرائیلی فورسزز کا موقف ہے کہ انہوں نے پولیس اور انٹیلی جنس اہلکاروں کی مدد سے ان ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جو فلسطینی جنگجو گروپ ’عرین الاسود‘ کے زیر استعمال تھے۔ اسرائیلی فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ ’کارروائی کے وقت جنگجو اسلحہ سازی کی تربیت حاصل کر رہے تھے۔‘ خیال رہے کہ 1967 میں اسرائیل نے فلسطین کے علاقوں پر قبضہ کر لیا تھا اور حالیہ چند ماہ سے مغربی کنارے کے شمالی علاقوں بالخصوص نابلس اور جنین میں شدید جھڑپیں جاری ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق رواں برس کے آغاز کے بعد سے اب تک لگ بھگ 100 فلسطینی شہری جن میں جنگجو بھی شامل ہیں، ہلاک ہوئے ہیں۔ یہ گزشتہ سات برس میں مغربی کنارے میں ہونے والی سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔














