مسجد شریف اور رہائشی مکان کو نقصان ، آگ بجھانے کی کارورائی میں دو اہلکار بھی زخمی
شمالی قصبہ سوپور کے تارزو علاقے میں دوران شب آگ کی ایک واردات میں مسجد شریف اور ایک رہائشی مکان کو نقصان پہنچایا جبکہ آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران فائر اینڈ ایمرجنسی کے دو اہلکار بھی زخمی ہو گئے ۔ اطلاعات کے مطابق سوپور کے تارزو علاقے میں سوموار اور منگل کی درمیانی رات کو اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب علاقے میں آگ رونما ہوئی ۔ عین شاہدین کے مطابق تارزو سوپور کی عزت شاہ کالونی میں آگ نمودار ہوئی جس دوران وہاں مقامی لوگوں نے آگ بجھانے کیلئے محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کو مطلع کیا جنہوں نے علاقے میں پہنچ کر آگ بجھانے کیلئے کارروائی شروع کر دی ۔ محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک اہلکار نے بتایا کہ انہیں تقریباً 1.55 بجے کال موصول ہوئی اور اس کے سوپور اسٹیشن نے فوری طور پر علاقے میں پانی کے تین ٹینڈر بھیجے۔آگ کے شعلوں کی شدت میں ایک ایل پی جی سلنڈر بھی پھٹ گیا جس کی وجہ سے دو فائر فائٹرز جن کی شناخت علی محمد ریشی اور واجد احمد ڈار کے نام سے ہوئی ہے کو معمولی چوٹیں آئیں اس سے پہلے کہ آگ پر قابو پایا جائے اور آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ آگ کی اس واردات میں ایک مسجد شریف اور مکان کو نقصان پہنچا جبکہ آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران دو فائر اینڈ ایمرجنسی اہلکار بھی زخمی ہو ئے ۔ انہوں نے کہا کہ آگ لگنے کی وجہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، ان کا کہنا تھا، ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ بجلی کا شارٹ سرکٹ ہے۔