دو دستی بم اور دیگر قابل اعتراض مواد ضبط /پولیس
جموں وکشمیر پولیس نے شمالی ضلع بانڈی پورہ میں لشکر طیبہ کے ایک جنگجو کو اسلحہ وگولہ بارود سمیت حراست میں لینے کا دعویٰ کیا۔ اطلاعات کے مطابق پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ بانڈی پورہ کے زلوان نرسری علاقے میں ملی ٹینٹوں کی نقل وحرکت سے متعلق مخصوص اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے بانڈی پورہ پولیس ، 14آر آر اور سی آر پی ایف نے مشترکہ طورپر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا جس دوران لشکر طیبہ کے ایک مقامی تربیت یافتہ جنگجو کو گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار جنگجو کی شناخت شاہد حسین بٹ ولد غلام حسن بٹ ساکن پلان بانڈی پورہ کے بطور ہوئی ہے۔ پولیس بیان کے مطابق گرفتار جنگجو کی نشاندہی پر دودستی بمبرآمد ہوئے جو اس نے وارڈ نمبر چار پلان بانڈی پورہ کے قریب دھان کے کھیتوں میں چھپا رکھے تھے۔ گرفتار جنگجو پی او کے میں لشکر طیبہ کے جنگجووں سے رابطے میں تھا اور اسے بانڈی پورہ میں پولیس، سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کا ٹاسک دیا گیا تھا۔ اس سے سرحد کے اُس پار بیٹھے ہینڈلرز نے بانڈی پورہ میں نوجوانوں کو ممنوع عسکری تنظیم لشکر طیبہ میں بھرتی کرنے کے لئے بھی متحرک کرنے کا ٹاسک دیا تھا۔ پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔