چوبیس سالوں میں پہلی بار گاندھی خاندان سے باہر کا کوئی لیڈر صدر کے عہدے پر پہنچ گیا
نئی دہلی، 19 اکتوبر (یو این آئی) مسٹر ملیکارجن کھرگے کو کانگریس کا نیا صدر منتخب کیا گیا ہے ۔ براہ راست مقابلے انہوں نے پارٹی کے سینئر لیڈر اور ترواننتا پورم، کیرالہ سے لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور کو بڑے فرق سے شکست دی۔ چوبیس سالوں میں پہلی بار گاندھی خاندان سے باہر کا کوئی لیڈر صدر کے عہدے پر پہنچا ہے ۔پارٹی لیڈر مدھوسودن مستری نے یہاں جاری ایک بیان میں یہ جانکاری دی۔ اس الیکشن میں کل 9385 ووٹ ڈالے گئے ۔ مسٹر کھرگے کو 7897 ووٹ اور مسٹر تھرور کو 1072 ووٹ ملے جبکہ 416 ووٹوں کو غلط قرار دیا گیا۔اس بار گاندھی خاندان کا کوئی فرد صدر کے عہدے کی دوڑ میں شامل نہیں تھا۔
اس سے پہلے مسٹر سیتارام کیسری ایسے صدر تھے جو گاندھی خاندان سے نہیں تھے ۔ جیسے ہی مسٹر کھرگے کو منتخب قرار دیا گیا، ان کی رہائش گاہ پر انہیں مبارکباد دینے والوں کا ہجوم لگ گیا۔ اس انتخاب میں ان کے مخالف نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ مسٹر کھرگے کو مبارکباد دینے کے لیے جائیں گے ۔ دریں اثناءکانگریس صدر سونیا گاندھی اور اتر پردیش کی پارٹی جنرل سکریٹری انچارج پرینکا گاندھی وڈرا نے مسٹر ملکارجن کھرگے کو کانگریس صدر منتخب ہونے پر ان کی رہائش گاہ پر جاکر مبارکباد دی۔ محترمہ سونیا گاندھی نے مسٹر کھرگے کو مبارکباد دی اور انہیں پھولوں کا گدستہ پیش کیا۔ محترمہ وڈرا نے بھی مسٹر کھرگے کو مبارکباد دی۔ مسٹر راہل گاندھی بھارت جوڑو یاترا میں مصروف ہیں لیکن انہوں نے بھی ٹویٹ کرکے کھرگے کو صدر بننے پر مبارکباد دی ہے ۔ دریں اثنا، کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے مسٹر کھرگے کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ "ملیکارجن کھرگے جی کو کانگریس صدر منتخب ہونے پر مبارکباد۔ کانگریس صدر ہندوستان کے جمہوری وژن کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ان کے پاس وسیع تجربہ ہے اور وہ اپنی تاریخی ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے نظریاتی وابستگی کے ساتھ پارٹی کی خدمت کریں گے ۔ محترمہ وڈرا نے کہاکہ “ مسٹر کھرگے جی کو کانگریس کا صدر بننے پر دلی مبارکباد۔ مجھے یقین ہے کہ سیاسی زندگی کا آپ کا زمینی تجربہ انڈین نیشنل کانگریس کے نظریے کو تقویت بخشے گا۔ آپ کی قیادت میں کانگریس آئین اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے لڑتی رہے گی۔” مسٹر کھرگے کو مبارکباد دیتے ہوئے مسٹر تھرور نے کہاکہ "ملیکارجن کھرگے جی کو کانگریس کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد اور نیک خواہشات۔ مجھے یقین ہے کہ آپ کی قیادت اور رہنمائی میں پارٹی کارکنوں کو ایک نئی سمت ملے گی اور تمام لوگ کانگریس کے نظریہ کے لیے لگن سے کام کریں گے ۔