حادثے کے نتیجے میں لگنے والی آگ نے نو منزلہ رہائشی عمارت کو لپیٹ میں لے لیا
ماسکو: ۸۱ اکتوبر (ایجنسیز) روس میں ایک فوجی طیارہ آبادی پر گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں تین بچوں سمیت کم از کم 13 افراد ہلاک ہوگئے۔ منگل کو روس کی ہنگامی صورتحال کی وزارت نے بتایا کہ حادثہ جنوب مغربی علاقے یاسک میں پیش آیا۔ وزارت نے بتایا کہ ’ریسکیو ورکرز نے جائے حادثہ پر ملبے میں سرچ آپریشن مکمل کر لیا ہے۔ کل 13 ہلاکتیں ہوئیں جن میں تین بچے بھی شامل ہیں جبکہ 19 افراد زخمی ہوئے۔‘ یاسک کا یہ علاقہ یوکرین کی سرحد کے قریب واقع ہے جہاں کے رہائشی جیٹ طیاروں کے شور سے پہلے ہی خوفزدہ رہتے ہیں۔ علاقائی گورنر وینیمین کونڈراتیف نے ٹیلی گرام پر بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں لگنے والی آگ جس نے نو منزلہ رہائشی عمارت کو لپیٹ میں لے لیا تھا، اس پر قابو پا لیا گیا۔ علاقے کی ایک رہائشی اوکسانا، جنہوں نے اپنا آخری نام بتانے سے انکار کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔ ’عمارت میں ایک دھماکہ ہوا۔ اندر سب کچھ جل رہا ہے۔ دھواں ہے۔‘ انہوں نے بتایا کہ جب یہ خبر سنی تو وہ ٹریفک میں پھنس گئیں۔ ’میں صدمے میں ہوں۔ میرا بچہ گھر میں اکیلا تھا۔ ہم پہلے ہی ہر روز خوف کے مارے سو جاتے تھے، یوکرین کا شہر ماریوپول ہم سے بالکل اس پار ہے۔‘