پاکستان کی جوہری اثاثوں کو محفوظ رکھنے کی صلاحیت پر اعتماد ہے:امریکہ
واشنگٹن: ۸۱ اگست (ایجنسیز) امریکا نے صدر جو بائیڈن کے ریمارکس سے پیدا ہونے والی قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسے پاکستان کی جوہری اثاثوں کو محفوظ رکھنے کی صلاحیت پر اعتماد ہے۔ صدر جوبائیڈن کے بیان کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال میں یہ تازہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب گزشتہ روز امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی روزانہ کی نیوز بریفنگ کے دوران ایک صحافی نے امریکی محکمہ خارجہ کے پرنسپل ڈپٹی ترجمان ویدانت پٹیل سے صدر جو بائیڈن کے ریمارکس کے بعد پیدا ہونے والے شکوک و شبہات سے متعلق سوال کیا۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے سفیر مسعود خان اور قونصلر ڈیرک شولیٹ کے درمیان ملاقات کے بعد واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’امریکا کو پاکستان کے عزم اور جوہری اثاثوں کو محفوظ بنانے کی صلاحیت پر اعتماد ہے‘۔ ویدانت پٹیل نے تفصیلی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ’امریکا نے ہمیشہ ایک محفوظ اور خوشحال پاکستان کو امریکی مفادات کے لیے اہم سمجھا ہے اور پاکستان کے ساتھ امریکا کے دیرینہ تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے‘۔ ترجمان محکمہ خارجہ نے کہا کہ ’دونوں ممالک کے درمیان مضبوط شراکت داری ہے، پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے حال ہی میں واشنگٹن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سیکریٹری انٹونی بلنکن سے ملاقات بھی کی‘۔ انہوں نے یاد دہانی کروائی کہ یو ایس ایڈ کے ایڈمنسٹریٹر سیم پاور کے علاوہ ڈیرک شولیٹ نے بھی سیلاب کے دوران کراچی اور اسلام آباد کا دورہ کیا تھا۔ ویدانت پٹیل نےمزید کہا کہ ’امریکی اور پاکستانی حکام باقاعدگی سے ملاقات بھی کرتے ہیں، لہٰذا یہ ایک ایسا تعلق ہے جسے ہم اہم سمجھتے ہیں اور ا?ئندہ بھی اس سے مضبوطی سے جڑے رہیں گے‘۔ لیکن جب صحافی نے صدر جوبائیڈن کے ریمارکس کے بارے میں اپنے سوال کے جواب پر اصرار کیا تو انہوں نے کہا کہ ’میری اس بارے میں کوئی خصوصی گفتگو نہیں ہوئی لیکن امریکا کو پاکستان کے عزم اور جوہری اثاثے محفوظ رکھنے کی صلاحیت پر اعتماد ہے‘۔














