لیفٹنٹ گورنر سمیت دیگر کئی سیاسی لیڈران نے پنڈت کی ہلاکت پر دکھ کا اظہار کیا
ملوثین کو کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جائے گا / لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا
پہاڑی ضلع شوپیان کے چودھری گنڈ علاقے میں مسلح جنگجوﺅں نے کشمیری پنڈت پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ لقمہ اجل بن گیا ۔حملے کے بعد فوج و فورسز نے پورے علاقے کا محاصرہ میں لیکر حملہ آوروں کی تلاش بڑے پیمانے پر شروع کر دی ہے ۔ادھر لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا سمیت دیگر کئی سیاسی لیڈران نے کشمیری پنڈت کی ہلاکت پر اظہار غم کرتے ہوئے دکھ زدہ خاندان سے اظہار یکجہتی کی ۔ اس ضمن میں نمائندے نے شوپیان سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع کے چودھری گنڈ علاقے میں اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب مسلح ملی ٹنٹوں نے علاقے میں نمودار ہوکر وہاں گھر کے صحن میں موجود ایک کشمیری پنڈت پر نزدیکی سے گولیاں چلائی جس کے نتیجے میں وہ شدید طور پر زخمی ہو گیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ عسکریت پسندوں نے پنڈت پورن کشن ولد ترک ناتھ بھٹ نامی پنڈت پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ اپنے رہائشی مکان کی صحن میں موجود تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ کشمیری پنڈت کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔ ادھر جونہی کشمیری پنڈت کے موت کی خبر پھیل گئی تو وہاں کہرام مچ گیا ۔ ادھر حملے کے ساتھ ہی پولیس و فوج کی مشترکہ پارٹی علاقے میں پہنچ گئی جنہوں نے پورے علاقے کو محاصرے میں لیا اور حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ہے ۔ پولیس کے ایک سنیئر افسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ چودھری گنڈ شوپیان میں ملی ٹنٹوں نے کشمیری پنڈت پر گھر کے باہر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ شدید طور پر زخمی ہو گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ زخمی پنڈت کو اگرچہ اسپتال پہنچایا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاملے کی نسبت کیس در ج کرکے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے ۔ ادھر لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کشمیری پنڈت کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے ہوئے کہا کہ اس بزدلانہ حرکت کے مرتکبین کو بخشا نہیں جائے گا۔













