حادثے کی وجہ کا اب تک پتہ نہیں چل سکا، اس کی وجہ معلوم کی جا رہی ہے: ترجمان
نئی دہلی: ۵ اکتوبر (ایجنسیز) فوج کا ایک چیتا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا ہے جس کا ایک پائلٹ ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہے۔ این ڈی ٹی وی نے فوج کے حوالے سے بتایا کہ بدھ کی صبح 10 بجے کے قریب ہیلی کاپٹر شمال مشرقی ریاست اروناچل پردیش میں حادثے کا شکار ہوا۔ ہیلی کاپٹر معمول کی پرواز پر تھا جس میں دو پائلٹ سوار تھے۔ حادثے کے بعد دونوں پائلٹس کو قریبی فوجی ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن پائلٹ لیفٹنٹ کرنل سورابھ یادیو زندہ نہ بچ سکے جبکہ معاون پائلٹ کی طبی نگہداشت جاری ہے۔ فوج کے بیان کے مطابق ’ہیلی کاپٹر کے گرنے کی وجہ ابھی معلوم نہیں ہو سکی۔ اس کی تفصیلات جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔‘ یاد رہے کہ اس سے قبل رواں برس مارچ میں وادی کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے قریب ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوا تھا۔ اس حادثے میں بھی پائلٹ ہلاک جبکہ معاون پائلٹ شدید زخمی ہو گیا تھا۔ گزشتہ برس دسمبر میں آرمی چیف جنرل بپن راوت اپنی اہلیہ اور 12 دیگر افراد سمیت تامل ناڈو میں ایئرفورس کے ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ہلاک ہو گئے تھے۔ فوج کے ترجمان نے بتایا کہ یہ چیتا ہیلی کاپٹر صبح توانگ کے فارورڈ ایریا میں معمول کی پرواز کر رہا تھا کہ رات 10 بجے اس میں اچانک کچھ گڑبڑی آگئی۔ انہوں نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر گرنے سے جہاز میں سوار دونوں پائلٹ بری طرح زخمی ہوگئے ۔ انہیں نزدیکی آرمی اسپتال میں داخل کرایا گیا لیکن بدقسمتی سے ایک شدید زخمی پائلٹ علاج کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جبکہ دوسرے پائلٹ کا علاج جاری ہے ۔ترجمان نے بتایا کہ حادثے کی وجہ کا اب تک پتہ نہیں چل سکا ہے اور اس کی وجہ معلوم کی جا رہی ہے ۔ تفصیلات کا انتظار ہے ۔














