نظرثانی شدہ کیپکس 2022-23 اور کیپکس بجٹ 2023-24 کی تشکیل پر تبادلہ خیال
پرنسپل سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر اَصغر سامون نے آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں کیپکس 2022-23ءکے تحت محکمہ کی طرف سے حاصل کی گئی طبعی اور مالیاتی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں ڈائریکٹر سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ جے اینڈ کے ،چیف اِنجینئر آر اینڈ بی کشمیر ، سپیشل سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ، جے کے پی سی سی کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ اَفسران نے ذاتی طور پر اور بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ شرکت کی۔دورانِ میٹنگ نظر ثانی شدہ کیپکس بجٹ 2022-23اور کیپکس بجٹ 2023-24 کی تشکیل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ میٹنگ میں محکمہ کے کیپکس بجٹ کے تحت نئی پولی تکنیک کی صورتحال ، مرکزی اور یاستی معاونت والے پروجیکٹوں کے تحت طبعی اور مالیاتی پیش رفت پر بھی تفصیلی غو ر و خوض ہوا۔ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے متعلقہ عمل آوری ایجنسیوں کے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ باقی ماندہ کاموں کو مکمل کرنے کے لئے فنڈس اِستعمال کریں اور بعد ازاں تمام مکمل شدہ پروجیکٹوں کو سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کریں تاکہ وہ طلباءکے لئے وقف کئے جاسکیں۔پرنسپل سیکرٹری نے کچھ پروجیکٹوں پر کا م کی سست رفتاری کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سے کہا کہ وہ اِن پروجیکٹوں کی نگرانی کریں اور ان پروجیکٹوں پر کا م کی پیش رفت کا باقاعدہ جائزہ لیں تاکہ وہ اِس مالی برس کے اَندر مکمل ہوسکیں۔ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے عمل درآمد کرنے والی ایجنسیوں کو فنڈس کی دستیابی کی یقین دہانی کرتے ہوئے اَفسران سے کہا کہ وہ اِن منصوبوں پر عمل کرتے ہوئے مالی نظم و ضبط برقرار رکھیں۔ اُنہوں نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ ان منصوبوں کو کام کے اَصل دائرہ کار کے مطابق مکمل کریں ۔ اُنہوں نے اَفسران نے کہا کہ تمام نئے پولی تکنیک کالجز کو رواں مالی سال کے اَندر فعال کیا جائے اور ایڈمنسٹریشن ، ہوسٹل ، کلاس روموں او رورکشاپ بلاکوں کے تمام مطلوبہ کاموں کو بروقت مکمل کرنے کے لئے تیزی لائی جائے۔پرنسپل سیکرٹری نے محکمہ کے لئے نظر ثانی شدہ کیپکس بجٹ 2022-23ءاور کیپکس بجٹ 2023-24 کی تشکیل کا جائزہ لیتے ہوئے ڈائریکٹر سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سے کہا کہ وہ ہر ضلع کے فیلڈ سٹاف ، پولی تکنیک اور آئی ٹی آئیز کے پرنسپل/سپر اِنٹنڈنٹوں کے ساتھ تال میل برقرار رکھیں۔دورانِ میٹنگ عمل آوری ایجنسیوں کے اَفسران نے محکمہ کے جاری منصوبوں پر طبعی اور مالی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی پرزنٹیشن دی۔














