اسلام آباد، 18 ستمبر (یو این آئی) پاکستان میں اس موسم کی مون سون بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے جون کے وسط سے اب تک مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 1,545 ہو گئی ہے جبکہ 12,860 زخمی ہو چکے ہیں۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے یہ اطلاع دی۔ہفتہ کو این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ملک میں بارشوں اور سیلاب سے متعلق مختلف حادثوں میں ہلاک ہونے والوں میں 552 بچے اور 315 خواتین شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق اس کے علاوہ پاکستان کے مختلف حصوں میں 1,943,978 مکانات کو نقصان پہنچا اور 943,909 مویشی ہلاک ہوئے۔ مزید برآں، این ڈی ایم اے کے شائع کردہ اعداد و شمار کے مطابق 81 اضلاع اور ایک اندازے کے مطابق 3,30,46,329 افراد سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔