سری نگر ،16/ستمبر/ سرنکوٹ پونچھ میں ڈی ڈی سی ممبر کی رہائش گاہ کے باہر پُر اسرار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک گاڑی کو نقصان پہنچا ہے۔ پولیس ذرائع نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس سلسلے میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔ دریں اثنا غلام نبی آزاد نے ڈی ڈی سی ممبر کی رہائش گاہ کے باہر ہوئے دھماکے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے معاملے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا۔اطلاعات کے مطابق سرنکوٹ پونچھ میں ڈی ڈی سی ممبر سہیل ملک کی رہائش گاہ کے باہر درمیانی شب کو ایک زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔ ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کے اہلکار جائے موقع پر پہنچے اور حالات کا جائزہ لینے کے بعد آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے لیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ دھماکہ کس نوعیت کا تھا اس کی تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ دریں اثنا سابق کانگریس لیڈر غلام نبی آزاد نے ڈی ڈی سی ممبر کی رہائش گاہ کے باہر ہوئے دھماکے کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے معاملے کی باریک بینی سے تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا۔














