چوبیس گھنٹوں میں دوسر ا بڑا حادثہ ، مجموعی طور پر 17افراد ہلاک، پچاس سے زائد زخمی
جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، فاروق عبداللہ ، عمر عبداللہ ، الطاف بخاری کا اظہار دکھ
سرینگر/15ستمبر/سی این آئی//راجوری میں جمعرات کو ایک مسافر گاڑی گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 5مسافروں کی موت واقع ہوئی ہے جبکہ اس حادثے میں 25افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ اس طرح سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں دو بڑے حادثات پیش آئے جن میں 17افراد ہلاک اور پچاس سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ادھر راجوری حادثے پر لفٹیننٹ گورنر منوج سنہا ، ڈاکٹر فاروق عبداللہ ، عمر عبداللہ ، الطاف بخاری سمیت متعدد دیگر لیڈران نے دکھ اور افسوس کااظہار کرتے ہوئے سوگوار کنبوں کے ساتھ ہمدری کااظہار کیا ہے جبکہ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی بھی دعاکی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق صوبہ جموں میں گزشتہ 24گھنٹوں میں سڑک کے دو الگ الگ سڑک حادثات میں قریب 17افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں جبکہ پچاس سے زائد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق جمعرات کو راجوری میں اُس وقت کہرام مچ گیا جب راجوری میں ایک بس کھائی میں گر گئی۔ اس میں پانچ افراد ہلاک اور 25 زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو جی ایم سی راجوری لے جایا جا رہا ہے۔جموں ڈویڑن میں 24 گھنٹوں میں دوسرا بڑا سڑک حادثہ پیش آیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی فوج، پولیس اور مقامی لوگ موقع پر پہنچ گئے۔ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ جائے وقوعہ سے اب تک پانچ لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ زخمیوں کو ہسپتال پہنچانے کی کوششیں جاری ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ بس جموں سے پونچھ جا رہی تھی۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے راجوری سڑک حادثہ پر غم کا اظہار کیا ہے۔ ادھر سڑک حادثے پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر نے کہاکہ راجوری میں دردناک حادثہ افسوسناک ہے۔ دکھ کی اس گھڑی میں میری ہمدردی سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔ ضلعی انتظامیہ ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہے۔یاد رہے کہ اس سے پہلے بدھ کو پونچھ میں ایک بڑا سڑک حادثہ پیش آیا تھا۔ پونچھ کی تحصیل منڈی کی سرحد سے متصل ساوجیاں کے براری نالہ علاقے میں تیز رفتار اوور لوڈ منی بس 250 فٹ گہری کھائی میں گرنے سے 12 مسافر جاں بحق اور 28 زخمی ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں تین اسکولی طالب علم اور چار خواتین بھی شامل ہیں۔اس حادثے میں دس دیگر اسکولی طلبہ بھی زخمی ہوئے۔ چھ شدید زخمیوں کو علاج کے لیے ہوائی جہاز سے جموں کے میڈیکل کالج لے جایا گیا ہے جہاں ان کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ چار زخمیوں کو بذریعہ سڑک کشمیر بھیجا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بس 24 سیٹر تھی لیکن اس میں 40 لوگ سوار تھے۔ چونکہ صبح کا وقت تھا، اسکول کے 13 بچے بھی سوار تھے۔














