پرنسپل سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ( ایس ڈی ڈی ) ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے آج صنعتی تربیتی اداروں ( آئی ٹی آئی ) میں نئے چہروں کو شامل کرنے پر زور دیا ۔ ڈاکٹر سامون جموں ڈویژن میں آئی ٹی آئی کے آئی ایم سی کے کام اور کارکردگی کا جائیزہ لینے کیلئے منعقدہ میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے ۔ میٹنگ میں سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ناظم ضیاءخان اور محکمہ کے دیگر افسران نے شرکت کی ۔ جموں ڈویژن میں ڈائریکٹر ایس ڈی ڈی ، آئی ایم سی کے چئیر پرسن اور آئی ٹی آئی کے سپرنٹنڈنٹ نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی ۔ پرنسپل سیکرٹری نے افسران سے کہا کہ وہ ان آئی ایم سی کی تشکیل نو کی تلاش کریں تا کہ ان کے کام میں نئی روح پھونکی جا سکے ۔ انہوں نے زور دیا کہ وہ مختلف صنعتی پس منظر سے تعلق رکھنے والے ممبروں کو شامل کریں تا کہ ان مہارت فراہم کرنے والے اداروں کے کام میں تنوع پیدا ہو ۔ ڈاکٹر سامون نے کہا کہ پہلی بار جب جموں و کشمیر کی صنعتی پالیسی بہت بڑی صنعتی ترقی کا وعدہ کرتی ہے اس لئے ان کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے متعلقہ افرادی قوت کی پیداوار بھی ہماری ترجیح ہونی چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں اعلان کردہ بڑے صنعتی پیکج سے یہاں نئے صنعتی یونٹس کے قیام میں بھی مدد ملے گی ۔