سرینگر//جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے منزمو قاضی گنڈ کے عوام پینے کا پانی نہ ملنے سے پریشان ہیں اور محکمہ کے تئیں سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ وائس آف انڈیا کے مطابق وادی میں جاری شدید سردی کے درمیان جہاں کئی علاقوں میں بجلی کی قلت ہوتی ہے وہیں دور دراز علاقوں میں پانی کی عدم دستیابی سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اگرچہ علاقے میں پائپ لائن موجود ہے لیکن اس میں کبھی کبھار ہی پانی آتا ہے مقامی لوگوں کو کئی کلومیٹر دور جاکر پینے کے لیے پانی لانا پڑ رہا ہے۔مقامی لوگوں نے وی او آئی نمائندے امان ملک کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ‘پینے کے پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے وہ ندی نالوں کا گندہ پانی استعمال کرنے پر مجبور ہو رہےہیں، جس کی وجہ سے وہ مختلف بیماریوں کی شکار ہوچکے ہیں۔’ انہوں نے کہا ‘متعلقہ محکمہ کے افسران نے گذشتہ کئی مہینوں سے علاقہ کے لوگوں سے وعدے کیے ہیں لیکن آج تک پینے کے پانی کی سپلائی ممکن نہیں ہوسکی۔ واضح رہے مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ اور محکمہ کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کا یہ مسئلہ جلد از جلد حل کیا جائے۔