سری نگر، 23 مارچ (یو این آئی) وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے چاڈورہ علاقے میں ہفتے کی صبح ایک نوجوان کی پر اسرار حالت میں لاش بر آمد کی گئی۔ذرائع نے بتایا کہ چاڈورہ کے وانگواس علاقے میں ہفتے کی علی الصبح ایک نوجوان کو گھر کے نزدیک ہی گھر والوں نے مردہ پایا اور اس کے متعلق پولیس کو مطلع کیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے جائے موقع پر پہنچ کر لاش کو طبی و قانونی لوازمات کی ادائیگی کے لئے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔متوفی کی شناخت شبیر احمد جہرہ ولد محمد یوسف جہرہ ساکن گوگجہ پتھری گانواس چاڈورہ کے طور پر ہوئی ہے۔دریں اثنا لواحقین نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ ان کے لخت جگر کا بے دردی کے ساتھ قتل کیا گیا ہے۔ متوفی کی اہلیہ نے کہا سحری کے وقت شبیر احمد حاجت بشری کی خاطر باہر نکلا تو اسی اثنا میں چیخ و پکار کی صدائیں بلند ہوئیں تو فوری طورپر باہر نکلی اور اپنے خاوند کو خون میں لت پت پایا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ شبیر احمد کا سنسنی خیز طریقے سے قتل کیا گیا ہے اور جو کوئی بھی اس میں ملوث ہے اس کو پھانسی پر لٹکایا جائے۔ دریں اثنا پولیس نے لاش کوتحویل میں لے کر قانونی اور طبی لوازمات پورے کرنے کے بعد میت وارثین کے حوالے کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی ہر زاویہ سے تحقیقات شروع کی گءہے۔