موسم بہتر ہونے کے بعد سرینگر لہہ شاہراہ پر بھی ٹریفک رواں دواں
سرینگر/وادی کشمیر کو پونچھ اور راجوری سے ملانے والی مغل شاہراہ کو ٹریفک کےلئے کھول دیا گیا ہے ۔ جبکہ سرینگر لہہ شاہراہ پر بھی گاڑیوں کی آمدورفت کو بحال کردیا گیا ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ (پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ) کی طرف سے ہفتہ کو پیرپنجال پہاڑی سلسلے میں سڑک سے برف صاف کرنے کا کام مکمل ہونے کے بعد مغل روڈ پر گاڑیوں کی آمدورفت بحال کردی گئی۔مغل روڈ راجوری اور پونچھ کووادی کشمیر سے جوڑتی ہے۔ علاقے میں تازہ برف باری اور پھسلن کی وجہ سے مغل روڈ کو جمعرات کی شام گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔قبل ازیں مغل روڈ شدید برف باری کے باعث 23 اکتوبر کو ایک دن کے لیے بند کر دی گئی تھی اور پھر ایک دن کے بعد ٹریفک بحال کر دی گئی تھی۔ ادھر وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع میں زوجیلا پاس کے اونچائی والے علاقوں میں تازہ برف باری کے نتیجے میں سونمرگ-زوجیلا ہائی وے پر ٹریفک عارضی طور پر معطل ہو گئی تھی، جس سے مسافر تقریباً ایک گھنٹے تک پھنسے ہوئے تھے۔کرگل پولیس کے مطابق، زوجیلا پاس پر تازہ برف باری اور سڑک کی پھسلن کی وجہ سے اس اسٹریٹیجک سڑک پر ٹریفک تقریباً ایک گھنٹے تک دونوں سمتوں سے رکی رہی۔ حکام نے بتایا کہ وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع میں زوجیلا کے بالائی علاقوں میں تازہ برف باری کی وجہ سے سونمرگ-زوجیلا سڑک بند ہوگئی۔معطلی کے تقریباً ایک گھنٹہ بعد گاڑیوں کی آمدورفت دوبارہ شروع کر دی گئی، کیونکہ زوجیلا علاقے میں موسمی حالات میں بہتری آئی۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وادی کشمیر میں بارش اور برفباری کے بعد سرینگر جموں شاہراہ پر پسیاں گرآنے کے بعد شاہراہ کو عارضی طور پر ٹریفک کےلئے بند کردیا گیا تھا جبکہ مغل روڑ کو بھی دوطرفہ ٹریفک کےلئے بند کردیا گیا ہے جبکہ سرینگر لہہ شاہراہ پر بھی ٹریفک کی نقل و حمل معطل کی گئی تھی تاہم موسم بہتر ہونے کے بعد وادی کشمیر کو دیگر علاقوں سے ملانے والی سڑکوںپر ٹریفک بحال کردیا گیا ۔ اور آج مغل شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل بحال کردی گئی ۔