تقریب کے دوران میڈیا سے وابستہ افراد کی حوصلہ افزائی کی گئی
پلوامہ/ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس پلوامہ کی جانب سے ورلڈ سپورٹس جرنلسٹس ڈے کے مناسبت سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر پلوامہ کے پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا سے وابستہ افراد کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ تقریب سے کئی صحافیوں اور سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین نے خطاب کرتے ہوئے سپورٹس جرنلزم کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ضلع سپورٹس افسر پلوامہ جگدیش راج شرما نے میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ضلع پلوامہ میں میڈیا کی وجہ سے ہی بڑی تعداد میں نوجوان کھیلوں کی جانب راغب ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں کھیلوں کو فروغ دینے میں میڈیا نے اہم کردار ادا کیا میڈیا انتظامیہ اور عوام کے درمیان ایک پل کی حیثیت سے کام کرتا ہے۔صحافیوں کی حوصلہ افزائی کرنے پر انہوں نے سپورٹس ڈپارٹمنٹ کا شکریہ ادا کیا ہے۔سینئر جرنلسٹ شبنم فیاض نے کہا کہ کھیلوں سے ہی نوجوانوں کو منشیات کی وبا سے دور رکھا جاسکتا ہے۔نوجوان صحافی اور ای ٹی بھارت کے نمائندے سید عادل مشتاق نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کو اپنا کام ہے اور میڈیا خوش اسلوبی سے اپنے فرائض انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا ہم چاہتے ہیں کہ یہاں کا نوجوان منشیات سے دور رہے اور کھیلوں میں حصہ لیں یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس پلوامہ کے میڈیا انچارج جاوید اقبال نے کہا کہ پچھلے چند سالوں کے دوران پلوامہ میں میڈیا نے کھیلوں کے میدان آباد کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے لہٰذا سپورٹس جرنلسٹس ڈے پر ہم ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔اس موقع پر پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے وابستہ افراد کی حوصلہ افزائی کی گئی۔