ڈپٹی کمشنر سری نگر محمد اعجاز اسد کی ہدایت پر ضلع سرینگر کے تمام پٹرول اسٹیشنوں کی درستگی، ایندھن کے معیار اور بنیادی سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے اچانک چیکنگ کی گئی۔ضلع انتظامیہ سری نگر کی ٹیموں بشمول اسسٹنٹ کنٹرولر آف لیگل میٹرولوجی، فوڈ سیفٹی آفیسر، تحصیل سپلائی دفاتر اور ایس ایچ او نے ضلع کی تمام تحصیلوں میں معائنہ کی نگرانی کی۔ضلع بھر میں 30 سے زائد پٹرول سٹیشنوں کا معائنہ کیا گیا۔ ایم اے روڈ، ڈلگیٹ، سونوار، بٹہ مالو، کرن نگر میں 9 پٹرول اسٹیشنوں کی چیکنگ کی گئی۔ اسی طرح تحصیل سنٹرل شالٹینگ میں 12 پٹرول اسٹیشنوں کا معائنہ کیا گیا جن میں ایچ ایم ٹی، زینہ کوٹ، ہوکرسر، بمنہ، برتھنہ، ٹینگ پورہ بائی پاس، باغ نند سنگھ، شالٹینگ اور قمرواری شامل ہیں۔ اسکے علاوہ پانتہ چھوک، سیمپورہ، اور پانڈریٹھن میں 6 پٹرول اسٹیشنوں کا معائنہ کیا گیا۔ اسی طرح بٹہ پورہ، زکورہ اور حبک میں 3 پٹرول سٹیشنوں کی چیکنگ کی گئی۔تحصیل خانیار میں رعناواری اور منور آباد میں 2 فلنگ اسٹیشنز کا معائنہ کیا گیا۔ عیدگاہ تحصیل کے صورہ اور باغی علی مردان خان میں 2 پٹرول سٹیشنوں اور تحصیل چھانہ پورہ کے علاقوں حیدر پورہ اور باغات برزلہ کے 2 پٹرول سٹیشنوں کی بھی جانچ کی گئی۔معائنہ کے دوران 5-لیٹر اور 10لیٹرمعیار کا استعمال کرتے ہوئے ترسیل کے ٹیسٹ کئے گئے۔ ملاوٹ کا پتہ لگانے کے لیے فلٹر ٹیسٹ کیے گئے، اور کچھ نمونے مزید جانچ کے لیے لیے گئے۔ٹیموں نے پیٹرول اسٹیشنوں پر مردوں اور عورتوں دونوں کے لیے بنیادی سہولیات جیسے مفت ہوا، پینے کے پانی، آگ بجھانے کے آلات اور بیت الخلا کی سہولیات کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا۔ہر اسٹیشن پر ایندھن کی ترسیل پر بے ترتیب چیکنگ کی گئی۔ چند پیٹرول اسٹیشنوں کو پینے کا پانی مفت فراہم نہ کرنے پر نوٹس جاری کیے گئے اور 7 دن کے اندر اس مسئلے کو حل کرنے کی ہدایت کی گئی۔اسکے علاوہ پیٹرول اسٹیشنوں پر کچھ نوزلز ناقص پائے گئے اور انہیں موقع پر ہی ضبط کر لیا گیا۔ بٹہ پورہ میں فلنگ اسٹیشن کے مالک پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ فلنگ اسٹیشن کی انتظامیہ کو بھی ہدایت کی گئی کہ وہ آئل مارکیٹنگ کے رہنما خطوط پر عمل کریں۔ضلعی انتظامیہ نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ اگر انہیں اس کی درستگی کے بارے میں کوئی شک ہے تو وہ پیٹرول اسٹیشنوں پر فراہم کردہ پیمائشی شنک سے ایندھن کی ترسیل کو چیک کریں۔