سری نگر۰۲، فروری/ نیشنل کانفرنس کے صدر اورممبر پارلیمنٹ ڈاکٹرفاروق عبداللہ نے پیر کو کہا کہ جموں و کشمیر میں فوج کی موجودگی کو کم کرنا مرکزی حکومت کا اختیار ہے ۔ یہاں نیشنل کانفرنس ہیڈکوارٹر میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق نے بتایایہ حکومت کا معاملہ ہے۔ وہ کتنا کم کریں یا بڑھائیں گے یہ ان کا اختیار ہے۔ مجھے اس میں کچھ نہیں کہنا ہے۔سری نگر سے لوک سبھا ممبر ایک میڈیا رپورٹ کے بارے میں سوالات کا جواب دے رہے تھے جس میں دعوی کیا گیا تھا کہ حکومت مرحلہ وار طریقے سے کشمیر کے اندرونی علاقوں سے فوج کو ہٹانے پر غور کر رہی ہے۔جموں وکشمیر میں انسدادتجاوزات مہم کو روکنے کے حکومت کے مبینہ فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے،ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹرفاروق عبداللہ نے کہا کہ یہ لوگوں کی مخالفت کی وجہ سے ہوا۔انہوں نے کہاکہ یہ لوگوں کے شور مچانے کی وجہ سے ہوا ہے۔ اگر لوگ شور نہ مچاتے تو مہم تیز کر دیتے۔ لوگوں کو یاد رکھنا چاہیے کہ ان کے پاس حکومت کو ہلانے کی طاقت ہے














